Live Updates

بلوچستان حکومت نے گوادر میں ریلوے اسٹیشن کے قیام کے لیے زمین فراہم کردی ہے ،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت

بدھ 14 نومبر 2018 15:57

بلوچستان حکومت نے گوادر میں ریلوے اسٹیشن کے قیام کے لیے زمین فراہم ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے گوادر میں ریلوے اسٹیشن کے قیام کے لیے سینکڑوں ایکڑ زمین فراہم کردی ہے ،اکبر بگٹی ایکسپریس کا کرایہ کم اور ائیرکنڈیشن لگادیا ہے ،میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے میری درخواست پر کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کرکے میری عزت افزائی کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے ہمراہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں ٹریکنگ سسٹم اور وائی فائی لگانے کے ساتھ ریلوے کے ریونیو میں ایک ارب کا اضافہ کیا ہے ،2 مال بردار گاڑیاں چلانے کا 25 دسمبر سے پہلے افتتاح ہوجائے گاہمارے ٹریک 70سال پرانے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان ریلوے میں 10ہزار لوگوں کو نوکریاں دینے کی منظوری دے دی ہیں،میرا مقصد کمیشن اور مال بنانانہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو ریل کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری پہلی دفعہ ایوان میں منتخب ہوکر آئے ہیں بطور ڈپٹی سپیکر ان کی کارکردگی حوصلہ افزاء ہے ہم آج کوئٹہ میں ان کی والدہ کی تعزیت کے لیے آئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات