مقبوضہ کشمیر، ڈھونگ پنچایتی انتخابات، مشترکہ حریت قیادت نے 17نومبر کو مکمل ہڑتال کی کال دیدی

بدھ 14 نومبر 2018 15:57

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں کرائے جانے والے نام نہاد پنچایتی انتخابات کے پہلے مرحلے پر 17نومبر کو پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ نام نہاد پنچایت انتخابات کا بھی اسی طرح سے بھر پور بائیکاٹ کریں جیسے انہوںنے میونسپل انتخابات کا کیا تھا۔

مشترکہ حریت قیادت کے بیان کے مطابق 24، 27 اور29 نومبر جبکہ 1،4 اور 8دسمبر کو بھی نام نہاد پنچایت انتخابات والے علاقوں میں ہڑتال کی جائے گی۔ مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ کشمیری پنچایت انتخابات سے بھی مکمل لاتعلقی اختیار کر کے بھارت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کو بھی یہ واضح پیغام دیں گے کہ وہ انتخابی ڈرامے نہیں بلکہ صرف اور صرف اپنا پیدائشی حق، حق خود رادیت چاہتے ہیں۔