تربیلا ڈیم انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر رہائش پذیر ملازمین اور دکانداروں کو نوٹس جاری کر دیئے

بدھ 14 نومبر 2018 16:16

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) تربیلا ڈیم میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لیفٹ بنک کالونیوں میں رہائش سرکاری ملازمین، غیر سرکاری افراد و دکانداروںکو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ تربیلا ڈیم انتظامیہ نے کوائف جمع کروانے کی ہدایت جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ ملکی حالات و سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے واپڈا تربیلا ڈیم انتظامیہ نے لیفٹ بنک کالونیوں کے تحفظ، امن و امان اور غیر متعلقہ اشخاص کے کالونی و ڈیم ایریا میں داخلہ کو روکنے کے سلسلہ میں حفاظتی اقدامات کا نوٹس جاری کر دیا ہے جس میں واپڈا ملازمین و دیگر سرکاری ملازمین جو لیفٹ بنک کالونیوں میں رہائش پذیر ہیں، اپنے فیملی ممبران کی لسٹ/کوائف و فوٹو (تصدیق شدہ) اپنے دفتر یا ڈویژن کے سربراہ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

کالونیوں کے اندار دکاندار حضرات جن کے نام پر دکان الاٹ ہیں، کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اور اپنے پرائیویٹ ملازمین کے کوائف تصدیق شدہ بمعہ پولیس ویری فیکیشن متعلقہ ایکسین سول کے دفتر کو مہیا کریں جبکہ دیگر پرائیویٹ رہائش پذیر افراد جو کسی بھی کالونی میں رہائش رکھتے ہوں وہ اپنے مکمل کوائف فیملی ممبران کی لسٹ اور تازہ فوٹو بمعہ پولیس ویری فیکیشن اسسٹنٹ کمشنر غازی کے توسط سے متعلقہ ایکسین کالونی کے دفتر کو مہیا کریں۔ تربیلا انتظامیہ کے مطابق ملنے والے نوٹس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔