تین سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود مری روڈ کا کام مکمل نہیں ہو سکا

بدھ 14 نومبر 2018 16:16

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) تین سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود مری روڈ کا کام مکمل نہیں ہو سکا۔ سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی کے گھر کے سامنے زیر تعمیر پلی میں سوزوکی کیری گر گئی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایا کہ سال 2015ء میں پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ایبٹ آباد میں 5 کلو میٹر مری روڈ کے توسیعی منصوبہ کا افتتاح کیا، تین سال گذر گئے لیکن ابھی تک مری روڈ کا کام مکمل نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے متعدد مرتبہ اعلان کیا تھاکہ دسمبر 2017ء میں مری روڈ کا کام مکمل کر لیا جائے گا لیکن مزید ایک سال گذرنے کے باوجود مری روڈ کا کام بدستور جاری ہے۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کے گھر کے باہر مری روڈ پر ایک پلی کی تعمیر کا کام جاری ہے اور یہاں پر ایک بڑا نالہ کھودا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بدھ کے روز ایک سوزوکی کیری زیر تعمیر نالے میں گر گئی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مری روڈ کے طویل تعمیراتی منصوبہ پر شہریوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔