کراچی، صوبائی وزیر شہلا رضا کا ڈسٹرکٹ کورنگی انٹر کالجیٹ و اسکول ویمن اسپورٹس گالا کا افتتاح

بدھ 14 نومبر 2018 16:17

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) دوسرا ڈسٹرکٹ کورنگی انٹر کالجیٹ اینڈ اسکول ویمن اسپورٹس گالا کا شاندار آغاز ،صوبائی وزیر شہلا رضا نے ڈپٹی کمشنر کورنگی قرة العین میمن اور SAAFگولڈ میڈلسٹ نسیم حمید اور کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان کے ہمراہ نسیم حمید اسپورٹس اکیڈمی میں پر وقار تقریب میں افتتاح کردیا اس موقع پر ضلع کورنگی کے سرکاری ونجی اسکولوں کی سینکڑوں طالبات موجود تھیں ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شہلا رضا نے کہاکہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد خواتین کی صلاحیتوں کو متعارف کرانے کی بہترین کاوش ہے پیپلز پارٹی صوبے میں جہاں عوام کو دیگر شعبوں میں سہولتیں پہنچا رہی ہے وہیں کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و ترقی اور کھیلوں کے تمام شعبوں کو فروغ دیکر دھرتی مہران سے نئے ٹیلنٹ کو کھیل کے تمام شعبوں میں متعارف کرانے کے حوالے سے کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھیلوں کے خواتین مقابلوں کا انعقاد منتظمین کی بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے ضلع کورنگی میں قیام امن سمیت دیگر امور کی انجام دہی کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے کاوشیں خاتون ڈپٹی کمشنر کورنگی قرة العین میمن کا شاندار کارنامہ ہے ایسی کاوشیں نہ صرف لائق تحسین بلکہ قابل تقلید ہے ہمیں ایسے کھیلوں کے مقابلوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کورنگی قرة العین میمن نے صوبائی وزیر شہلا رضا کا کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور افتتاحی تقریب میں شرکت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ ضلع کورنگی کھیلوں کا مرکز ہے اور ہمارے ضلع میں کھیل کے تمام شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے نسیم حمید سمیت کئی کھلاڑیوں نے اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے دنیا میں ضلع کورنگی اور اپنے شہر اور ملک نام روشن کیا ہے اُمید ہے دوسرے ڈسٹرکٹ کورنگی ویمن اسپورٹس گالا سے کھیلے کے مختلف شعبے میں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرایا جاسکے گا۔

اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان نے انٹر کالجیٹ اینڈ اسکول ویمن اسپورٹس گالا کو شہر کی منفرد کھیلوں کے مقابلہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایسی تقریبات سے نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کو فروغ بلکہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔ انہوںنے کالجز اور اسکولوں کی طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کے ساتھ اپنے کھیلوں کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھیں دوسرے ڈسٹرکٹ کورنگی انٹر کالجیٹ اینڈ اسکول ویمن اسپورٹس گالا کی پر وقار افتتاحی تقریب میں اسکولوں کی طالبات کی بینڈ نے ملی نغموں کی خوبصورت دھن پیش کی۔ اس موقع پر ضلع کورنگی کے تمام سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنر ،علاقائی سیاسی و سماجی رہنماء بھی موجود تھے۔