قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق کی مصر کے سفیر احمد محمد فضل یعقوب سے ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین برادرانہ ثقافتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا فیصلہ

بدھ 14 نومبر 2018 16:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے مصر کے سفیر مسٹر احمد محمد فضل یعقوب سے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ مصر کے سفیر مسٹر احمد محمدفضل یعقوب نے سینیٹر راجہ ظفرالحق کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال بشمول دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات بارے تفصیلی آگاہ کیا ۔

راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ انہوں نے 1985-86 میں بطور سفیر برادر ملک مصر میں خدمات سرانجام دی ہیں اور اس وقت ان کے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت دونوں ممالک کے مابین برادارانہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی تھی ۔ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ ثقافتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کے ساتھ ساتھ ثقافتی تعلقات اور مذہبی سکالز کے وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ شیخ الاظہر بین الاقوامی یونیورسٹی اسلام آباد میں تدریس کے شعبے سے منسلک رہے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ملاقات کے دوران پاکستان مصر فرینڈ شپ گروپ زیادہ متحرک کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔