ماہرڈاکٹرزنے مریضوں کا مفت معائنہ اور ٹیسٹ کیے ،مرض سے متعلق آگہی کیلئے ورکشاپ کااہتمام کیا گیا

موٹاپا ،غیر صحت مندانہ طرززندگی ،غیر متوازن غذا اوربڑھتی ہوئی عمر ذیابیطس کی وجوہات ہیں ،ماہرین کا اظہار خیال

بدھ 14 نومبر 2018 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) الخدمت کے تحت ’’عالمی یوم ذیابیطس ‘‘پرمفت شوگر اور کولیسٹرول کیمپس کا انعقاد کیا گیا جس میںہزاروں مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا ۔اس موقع پر ذیابیطس کے مرض سے بچاؤ،اسے کنٹرول میں رکھنے سے متعلق آگہی کیلئے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ذیابیطس و کو لیسٹرول کیمپس الخدمت اسپتال ملیر،ناظم آباد،کورنگی،الخدمت میڈیکل سینٹرنارتھ کراچی،بہارکالونی،اخلاص میڈیکل سینٹرلیاری اورالخدمت اسپتا ل فریدہ یعقوب اسپتال میں منعقد کیے گئے ۔

الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال گلشن حدید ذیا بیطس کلینک کے مفت کلینک کا افتتا ح پیما پاکستان شعبہ ریلیف کے سربراہ ڈاکٹر عبدالعزیز میمن نے کیا ۔اس موقع مفت کیمپ لگایا گیا جبکہ ذیا بیطس پر آگہی کیلئے ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کیمپس میں ہزاروں مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور ان کے شوگرو کولیسٹرول ٹیسٹ کیے گئے۔ڈاکٹر شوکت مغل و دیگر ماہرڈاکٹرزنے مریضوں کا معائنہ کیا اورانہیں ذیابیطس سے بچاؤ،احتیاط اوراسے کنٹرول میں رکھنے سے متعلق معلومات فراہم کیں ۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ملک بھرمیں اس وقت ذیا بیطس کے مریضوں کی تعداد 3کروڑ50لاکھ ہے ،اس کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔مرض کی وجوہات میں موٹاپا ،غیر صحت مندانہ طرززندگی ،خاندان میں اس مرض کا پایاجانا ،غیر متوازن غذا ،بڑھتی ہوئی عمر،کولیسڑول اور بلڈپریشر شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ذیا بیطس کے مریض احتیاطی تدابیر اختیارکر کے اس کنٹرول میں ر کھ سکتے ہیں جبکہ صحت مندانہ طرزندگی ،متوازن غذااور وزش کی عادت کو اپنا کر اس مرض سے بچا جا سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :