بالی وڈ کے دلکش جوڑے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کے بندھن میں بندھ گئے

(آج) روایتی سندھی تقریب میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا عہد کریں گے

بدھ 14 نومبر 2018 16:40

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) بالی وڈ کے دلکش جوڑے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی دو روزہ تقریبات کا بدھ سے آغاز ہوگیا ہے تاہم مداحوں کو تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز کیلئے کچھ انتظار کرنا پڑیگا کیونکہ لیک ہونے سے بچانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ ادا کارہ دپیکا اور رنویر نے شادی کیلئے اٹلی کے خوبصورت ترین مقام لیک کومو کا انتخاب کیا ہے جو 3 مختلف جگہوں سے پانی سے گھرا ہوا ہے۔

گذشتہ دنوں بھارت میں جوڑے کی سنگیت اور رسم حنا ہوئی تھی جس کے بعد وہ دونوں اٹلی روانہ ہوئے۔ دپیکا اور رنویر بدھ کو کون کنی روایات کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھ گئے جبکہ (آج) 15 نومبر کو وہ روایتی سندھی تقریب میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا عہد کریں گے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق جوڑے نے شادی کے ملبوسات کے لیے ڈیزائنر سبیاساشی مکھرجی کا انتخاب کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی میں 100 کے قریب لوگوں کو مدعو کیا گیا جن میں دپیکا اور رنویر کے گھر والوں اور قریبی دوستوں کے علاوہ بالی سے شاہ رخ خان، فرح خان اور سنجے لیلا بھنسالی شامل ہیں۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شادی کے موقع پر اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کوئی مہمان اپنے ساتھ موبائل فون نہ لے کر آئے تاکہ تصاویر اور ویڈیوز لیک نہ ہوسکیں۔

دوسری جانب یہ بھی رپورٹس ہیں کہ رپورٹرز اور فوٹوگرافرز کو ایونٹ سے دور رکھنے کی غرض سے کئی سیکیورٹی بوٹس بھی جھیل کے اطراف گشت میں مصروف رہے جبکہ مقامی حکام نے کشتیاں کرائے پر دینے والی کمپنیوں کو خبردار کیا کہ وہ علاقے سے باہر کے لوگوں کو بوٹس کرائے پر نہ دیں۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شادی میں آنے والے تمام مہمانوں کو ایک خصوصی رِسٹ بینڈ دیا گیا جبکہ ان کے موبائل فونز کے کیمرہ لینس کو بھی اسٹیکر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔