کراچی ،شہر بھر میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے، دھند کی وجہ سے حد نگاہ محدود

3دن سے سمندری ہوائیں نہ چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کی وجہ سے دھند چھائی ہوئی ہے،محکمہ موسمیات

بدھ 14 نومبر 2018 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) کراچی میں بدھ کی صبح سویرے شہر بھر میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے، دھند کی وجہ سے حد نگاہ محدود ہوگئی، مختلف گاڑیوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا رہا، گاڑیوں کو اپنی ہیڈ لائٹس جلانی پڑ یں۔سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی، نیو کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، شارع فیصل، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، لسبیلہ، گولیمار، گرومندر، ایم اے جناح روڈ، صدر، آرٹس کونسل چوک، برنس روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، کھارادر اور دیگر علاقوں میں علی الصبح پھیلنے والی دھند سے مختلف گاڑیوں بالخصوص اسکول جانے والے بچوں کی وینوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید دھندکے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایاکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دھند چھائی ہوئی ہے، کراچی میں صبح سویرے گہری دھند کے باعث حد نگاہ ایک کلومیٹر رہ گئی۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ 3دن سے سمندری ہوائیں نہ چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے کی وجہ سے دھند چھائی ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 گھنٹوں تک اسموک برقرار رہنے کی وارننگ کے ساتھ کہاکہ شہر میں چھائی ہوئی دھندااسموک میں تبدیل ہوگئی ہے، دھند کی شدت میں کمی اسموک کہلاتی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ ہوا میں نمی کم ہونے سے دھند اسموک میں تبدیل ہوجاتی ہے،سردیوں میں اسموک ہونا معمول کی بات ہے۔