کراچی،کے ایم سی نے ایمپریس مارکیٹ کے بعد ایک اور گرینڈ آپریشن کی تیاری کرلی

چڑیاگھر کے اطراف قائم400دکانیں بھی تجاوزات قرار دے کر گرادی جائیں گی، ذرائع

بدھ 14 نومبر 2018 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) کراچی میونسپل کارپوریشن(کے ایم سی) نے ایمپریس مارکیٹ کے بعد ایک اور گرینڈ آپریشن کی تیاری کرلی ہے، چڑیاگھر کے اطراف قائم400دکانیں بھی تجاوزات قرار دے کر گرادی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق کے ایم سی نے ایمپریس مارکیٹ میں کامیاب کارروائی کے بعد اب کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع لنڈا بازار(لائٹ ہائوس)،نشتر روڈ پر واقع کراچی کے قدیم چڑیا گھر کی چار دیواری کے اطراف بنائی گئی دکانوں، رہائش گاہوں اور دفاتر کو بھی فوری ختم کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کے ایم سی ذرائع نے بتایاکہ چڑیا گھرکے اطراف میں قائم 400دکانوں اور ان کے اوپر دفاتر اور رہائش گاہوں کو مسمارکیا جائے گا، یہ تجاوزات چڑیا گھر کی سرکاری زمین پرقائم کی گئی ہیں، تجاوزات کو گرا کر وہاں گرل لگائی جائے گی،تجاوزات کے خاتمے کے بعد چڑیا گھر کے پاس سے گزرنے والے لوگ اپنی گاڑیوں سے بھی جانوروں کو دیکھ سکیں گے۔اس کے علاوہ ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ قدیمی ایمپریس بلڈنگ کے اندر موجود دکانوں کیخلاف بھی آپریشن شروع ہوگا، تاریخی عمارت میں قائم 200دکانیں مسمار کرکے وہاں آرٹ گیلری قائم کی جائے گی، دکانداروں نے سامان کی منتقلی کا کام شروع کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :