Live Updates

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات (آج )ہوں گے

جیت کے لیے تحریک انصاف ،مسلم لیگ (ن) نے آزاد اور ایک دوسرے کے اراکین اسمبلی کو ٹارگٹ کرلیا سینٹ انتخاباتمیں پنجاب اسمبلی کے 371کے ایوان میں 369 اراکین اسمبلی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے

بدھ 14 نومبر 2018 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات (آج )ہوں گے ، سینٹ کے ضمنی الیکشن کے لئے جوڑ توڑ حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی،جیت کے لیے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن نے آزاد اور ایک دوسرے کے اراکین اسمبلی کو ٹارگٹ کرلیا،حکمران اتحاد کو عددی برتری حاصل ہے جبکہ خفیہ رائے شماری کی بنیاد پر ہونے والے سینیٹ الیکشن میں دونوں جماعتوں کو اپنے اپنے ارکان کی فکر ستانے لگی۔

نجی ٹی وی کے مطابق آج بروز (جمعرات ) کو ہونے والے سینٹ الیکشن میں پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں 369 اراکین اسمبلی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔چوہدری نثار علی خاں نے تاحال بطور ممبر پنجاب اسمبلی حلف نہیں اٹھایا اس لیے وہ سینٹ الیکشن میں ووٹ دینے کی اہل نہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح پی پی 168 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی نشست پر ضمنی الیکشن ہونا باقی ہے ، ایوان میں تحریک انصاف کی 180، مسلم لیگ (ق) کی 10، پیپلز پارٹی کی 7، مسلم لیگ (ن) کی 167،4 آزاد اراکین اور ایک راہ حق پارٹی کی نشست ہے۔

حکمران جماعت تحریک انصاف کو مسلم لیگ (ق) کے 10 ارکان کی حمایت حاصل ہے ،حکمران اتحاد کے ووٹوں کی تعداد 190 ہے، اسی طرح تحریک انصاف راہ حق پارٹی اور آزاد ارکان کی بھی حمایت حاصل ہونے کے لئے پرامید دیکھائی دیتی ہے جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ (ن ) کو پیپلزپارٹی کے 7 ارکان کی حمایت حاصل ہے ،اس کو 174 ووٹوں کی حمایت حاصل ہو گی،دونوں جماعتوں نے آزاد اراکین اسمبلی اور دوسرے کے ارکان کو ٹارگٹ کر لیا۔

سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے سعود مجید کا تحریک انصاف کے ولید اقبال سے مقابلہ ہو گا۔ جبکہ خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی سیمی ایزدی اور مسلم لیگ (ن) کی سائرہ افضل تارڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ دونوں نشستیں مسلم لیگ ن کے ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کی نا اہلی کے باعث خالی ہوئی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات