ایل پی جی ملک بھر میں اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے کم قیمتوں پر بلاتعطیل دستیاب رہے گی‘ عرفان کھوکھر

ایل پی جی سستی ہونے سے پٹرول و ڈیزل کی مد میں ایل پی جی کے استعمال سے سالانہ اربوں روپے کے زرِمبادلہ کی بچت بھی ہو گی‘چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن

بدھ 14 نومبر 2018 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ موسم سرما میں بارشوں کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں قدرتی گیس کے شدید بحران کا خدشہ ہے جس کے بعد ایل پی جی ہی واحد دستیاب ایندھن رہ جائیگا اور اس دوران ایل پی جی کی کھپت میں میں30تا40فیصد اضافہ متوقع ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چیئر مین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر نے وفاقی وزیر پٹرولیم،وزیر خزانہ ،وزیر اطلاعات اور پارلیمانی سیکریٹری سے ملاقات کے دوران موسم سرما میں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے ملک بھر میں ایل پی جی کی بلا تعطل فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ابھی سے ملک کے بیشتر علاقوں میں قدرتی گیس کے پریشر میں کمی واقع ہونے کی شکایات سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بارشوں کے بعد پنجاب ،خیبر پختونخواہ اور شمالی علاقہ جات میں قدرتی گیس کی شدید قلت کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

عرفان کھوکھر نے کہاکہ ایسے میں ان علاقوں سمیت قدرتی گیس سے محروم آبادیوں میں ایل پی جی ہی واحد دستیاب ایندھن ہوگا اور صارفین کی بڑی تعداد ابھی سے ایل پی جی پر منتقل ہونا شروع ہوگئی ہے ،ہماری توقع ہے کہ اس دوران ایل پی جی کی کھپت میں30تا40فیصد اضافہ ممکن ہے جبکہ اوگرا کی جانب سے ماہ نومبر کی مقرر کردہ قیمت سے کم قیمت پرایل پی جی ملک بھر میں ہر جگہ پر دستیاب رہے گی جو کہ حکومت کی بہتر پالیسی اعلی حکمتِ عملی اور تاریخ ساز فیصلہ کے بعد ٹیکسز میں کمی کے ما تحت ممکن ہوااور آئندہ بھی ایل پی جی ملک بھر میں اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے کم قیمتوں پر بلاتعطیل دستیاب رہے گی،عرفان کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول و ڈیزل کے مقابلے میں ایل پی جی 50تا 60فیصد سستی ہو گئی ہے اور بلیک مارکیٹنگ مافیا کوہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا گیا ہے،ہم غریب صارفین کو سستی گیس فراہم کرنے پر حکومتِ پاکستان کے مشکور ہیں،ایل پی جی کے سستی ہونے سے پٹرول و ڈیزل کی مد میں ایل پی جی کے استعمال سے سالانہ اربوں روپے کے زرِمبادلہ کی بچت بھی ہو گی، انہوں نے کہا کہ ہم ایل پی جی پر سے ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹی کم کرنے پر وزیرِ اعظم پاکستان اور وزیرِ پٹرولیم کے بے حد مشکور ہیں۔