مقبوضہ کشمیر، قابض انتظامیہ نے مسرت عالم پر 37ویں مرتبہ کالا قانون’’ پی ایس اے‘‘لاگو کر دیا

بدھ 14 نومبر 2018 17:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں وکشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ پر37 ویں مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لگادیا ۔ کالا قانون لاگو کئے جانے بعد انہیں جموں خطے کی ہیرا نگر جیل میں منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی کی طرف سے سرینگر میںجاری ایک بیان میںکہا گیا کہ مسرت عالم بٹ کو کچھ روز قبل کوٹ بلوال جیل جموں سے جوائنٹ انٹرو گیشن سینٹر جموں منتقل کیا گیا تھا جہاں بدھ کی صبح ان پرایک مرتبہ پھر کالا قانون پی ایس اے لاگو کیا گیا جس کے فوراً بعد انہیں ہیرا نگر جیل میں منتقل کیا گیا۔

سجا د ایوبی نے پارٹی چیئرمین پر کالے قانون کے پے در پے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جموں کشمیر میں جنگل راج نافذ ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسرت عالم کو مسلسل نظر بند رکھ کراور ایک جیل سے دوسری جیل میں منتقل کر کے بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔