پاکستان ہلال احمر سندھ اور روٹری کلب کراچی کے اشتراک سے بنگالی پاڑہ کورنگی میں فری میڈیکل کیمپ

بدھ 14 نومبر 2018 17:25

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) پاکستان ہلال احمر سندھ نے روٹری کلب کراچی کے تعاون سے بنگالی پاڑہ کورنگی میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا ۔ اس ایک روزہ کیمپ میں ہلال احمر سندھ کے رضا کاروں، گائنو کالوجسٹ، ماہرین اطفال، فیملی میڈیسن کے مسیحائوں نے تقریباً 195 مردوں ، 235عورتوں اور 76بچوں کو طبی سہولیات فراہم کیں۔

کیمپ کا مقصد آشوب چشم سے آگہی تھاجبکہ کمیونٹی کی بڑی بیماریوں کے علاج ، ماہر ین چشم کی جانب سے ہائپر ٹینسو، ڈائبیٹک ریٹینو پیتھی اور اس سے متعلق آکیولر بیماریوں کی تشخیص کی گئی ۔ میڈیکل کیمپ کیلئے روٹری کلب نے آلات چشم فراہم کئے۔ اس کے علاوہ لیبارٹری ٹیسٹ ، الٹرا سائونڈ، ای سی جی کی سہولیات بھی کیمپ میں مہیا کی گئیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ہلال احمر سندھ نے اس موقع پر بچوں کی اموات اور دیکھ بھال سے متعلق بڑی بیماریوں ، بنیادی طبی امداد اور ڈپریشن سے آگہی کا سیشن بھی منعقد کیا۔

سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ہلال احمد سندھ کی چیئر پرسن مسز شہناز ایس حامد نے اس قسم کی سرگرمیوں کو منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہلال احمد سندھ نے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اس طرح کے فری میڈیکل کیمپ منعقد کرنے اور اس سلسلے میں متعلقین سے اشتراک و تعاون کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری رہے گا۔ پاکستان ہلال احمر سندھ کے ہیلتھ منیجر ڈاکٹر بلال صدیقی نے کیمپ کی نگرانی کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ مریضوں کو درست علاج کی تمام تر سہولیات بلا معاوضہ ہو سکیں۔