سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کا معاملہ ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں نہیں آتا، وزیر ریونیو حماد اظہر

بدھ 14 نومبر 2018 18:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کا معاملہ ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر کے سوال کے جواب میں وزیر ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ رجسٹرڈ کمپنیوں کے تجارتی امور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان چلاتی ہے، سرکاری فنڈ کے غلط استعمال کا معاملہ ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں نہیں آتا، ماضی میں ترقیاتی فنڈز میں کافی گھپلے ہوئے، ہم نے اس سلسلہ کو ختم کرنا ہے، نیب اس سلسلے میں کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کی قیمتیں بڑھنے کے معاملے کو مسابقتی کمیشن کو دیکھنا چاہیے کیونکہ حکومت نے کوئی ٹیکس نہیں لگایا جس سے قیمتوں میں اضافہ ہو۔ انہوں بتایا کہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں کوئی خود مختار ٹربیونل موجود نہیں ہے، اپیلوں کا فیصلہ کرنے والا فورم ایپلٹ بینچ کہلاتا ہے، ایپلٹ بینچ کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ دو صوبوں سے کمیشن میں ممبر نہ ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کمیشن میں مختلف صوبوں سے نمائندگی رہی ہے، کوشش کریں گے کہ سب صوبوں سے لوگ آئیں۔