ْسینیٹر رانا مقبول احمد کی زیرصدارت ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

بدھ 14 نومبر 2018 21:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر کمیٹی سینیٹر رانا مقبول احمد کی زیرصدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر محمد جاوید عباسی کے 31 اگست2018ء کو سینیٹ اجلاس میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ برائے سینیٹر شمیم آفریدی کے خلاف ایف آئی آر کے درج ہونے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی آئی جی پولیس کوہاٹ، خیبرپختونخوا محمد اعجاز خان نے ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ معاملہ کی تفتیش ابھی جاری ہے لوگوں کے بیانات لئے جا رہے ہیں جس پر کنوینئر کمیٹی رانا مقبول احمد نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ محکمہ پولیس پہلے اپنی تفتیش مکمل کر لے اس کے بعد معاملہ کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاملہ کے حوالہ سے ان کی آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے بھی بات ہوئی ہے اور انہوں نے آگاہ کیا کہ مسئلہ کے حل کیلئے پنچائیت اور جرگے بھی اپنی کوششیں کر رہے ہیں، بہتر یہی ہے کہ معاملہ کا منصفانہ خوش اسلوبی سے حل نکل آئے۔

سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ سینیٹر شمیم آفریدی غلط بیانی نہیں کر سکتے، مسئلہ کو حقائق کے مطابق منصفانہ طور پر حل کیا جائے جس پر کمیٹی نے معاملہ آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا۔ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز محمد جاوید عباسی، شمیم آفریدی کے علاوہ جوائنٹ سیکرٹری وزارت داخلہ ڈاکٹر مرزا علی مسعود، ڈی آئی جی کوہاٹ محمد اعجاز خان، ڈی پی او کوہاٹ زاہد محمود اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔