دائود انجینئرنگ یونیورسٹی میں تحقیقی عمل آگے بڑھائینگے، وائس چانسلر

ٹیلی کمیونی کیشن ، کمپیوٹر انفارمیشن ، کمپیوٹر سسٹم اور میٹلرجی میٹریل انجینئرنگ میں بھی ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کرنے کا فیصلہ

بدھ 14 نومبر 2018 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (اے ایس آر بی) کا پانچواں اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں ٹیلی کمیونی کیشن انجینئرنگ اور کمپیوٹر انفارمیشن انجینئرنگ میں ایم ایس پروگرام اور ٹیلی کمیونی کیشن انجینئرنگ ، میٹلرجی اینڈ میٹریل انجینئرنگ اور کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں پی ایچ ڈی پروگرام کے قواعد کے حوالے سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ضوابط کار پر غور کیا گیا جبکہ اے ایس آر بی کے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈی ڈاکٹر آصف علی شاہ ، ڈاکٹر ذیشان علی، ڈاکٹر اظہار زیدی، ڈاکٹر غلام عباس ، ڈاکٹر سلیم پھل ، ڈاکٹر شوکت مزاری ، ڈاکٹر راشد ابڑو اور ڈاکٹر ارسلان انصاری شریک تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انڈر گریجویٹ ڈگری تفویض کرنے والے ادارے سے اب ریسرچ یونیورسٹی میں تبدیل ہوچکی ہے اور مختلف تدریسی اور تحقیقی پروگرامز کا آغاز کردیا ہے ، جامعہ میں تحقیقی عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے، جامعہ کے فیکلٹی اور انتظامی ارکان کی انتھک جدوجہد کے باعث یونیورسٹی میں تیزی سے مثبت تبدیلیوں رونما ہورہی ہیں ، ترقی کا یہ سفرجاری رکھیں گے ، ریسرچ کلچر کو مزید فروغ دیا جائے گا۔