پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتارچڑھائو کے بعد مندی ،سرمایہ کاری مالیت میں41ارب28 کروڑ49لاکھ روپے سے زائدکی کمی

بدھ 14 نومبر 2018 22:32

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتارچڑھائو کے بعد مندی ،سرمایہ کاری مالیت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میںبدھ کو اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا لیکن مجموعی طور پر مندی غالب آگئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئی158پوائنٹس کی کمی سے 40994 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 57.67فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں41ارب28 کروڑ49لاکھ روپے سے زائدکی کمی ہوئی البتہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت7کروڑ80لاکھ شیئرز کم رہا۔

گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی جس سے کے ایس ای 100انڈیکس41152پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعدحکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہائوسزسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنزکی جانب سے حصص فروخت کرنے کا دباؤ بڑھ گیا جس سے تیزی کے اثرات زائل ہوئے اورمندی چھاگئی ۔

(جاری ہے)

مندی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پرانڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 40763پوائنٹس سطح کی نچلی سطح پرآ گیابعد میں ریکوری آنے سے مزکورہ سطح برقرار نہ رہ سکا لیکن مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس158.23پوائنٹس کمی سی40994.05 پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس137.75پوائنٹس کی کمی سے 19571.29پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس352.85 پوائنٹس کمی سی70235.76پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس148.16پوائنٹس کمی سے 29703.44پوائنٹس پر بند ہوا ۔

گزشتہ روزمجموعی طور پر378کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سی218کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،141کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گرنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں41ارب28 کروڑ49لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر81کھرب54 ارب17 کروڑ63لاکھ روپے ہوگئی ۔

گزشتہ روزمجموعی طور پر25کروڑ51لاکھ70ہزارشیئرزکا کاروبارہواجو منگل کی نسبت7کروڑ80لاکھ شیئرز کم ہیں۔اسٹاک ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے جاری مزاکرات کا نتیجہ سامنے آنے تک مارکیٹ میں محدود پیمانے پر اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے ۔قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے بہانیرو ٹیکس کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 44.99روپے اضافے سی944.98روپے اورمری بریوری کے حصص کی قیمت 35.34روپے اضافے سی765.33روپے پر بند ہوئی۔

نمایاں کمی کولگیٹ پامولو کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت 120.80روپے کمی سی2295.25روپے اور پاک ٹوبیکوکے حصص کی قیمت 46.74روپے کمی سی2298روپے پر بند ہوئی ۔حصص کی لین دین کے سودوں کے لحاظ سے صدیق سنز،لوٹی کیمکل،ٹی آر جی پاک،میپل لیف،پاک الیکٹران،یونائیٹیڈ بینک،فوجی سیمنٹ،پاک انٹر بلک ،نیمر ری سنزاور ڈی جی خان سیمنٹ نمایاں رہے ۔