ڈیم فنڈ کے لیے پاکستانیوں کو جوش و خروش

ڈیم فنڈ میں سات ارب اٹھہتر کروڑ بیس لاکھ پینتالیس ہزار سات سو اڑتیس روپے جمع ہوگئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ نومبر 19:58

ڈیم فنڈ کے لیے پاکستانیوں کو جوش و خروش
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-14 نومبر 2018ء) :سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق ڈیم فنڈ میں سات ارب اٹھہتر کروڑ بیس لاکھ پینتالیس ہزار سات سو اڑتیس روپے جمع ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جنہیں سنجیدگی سے موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دنیا میں بڑھتے ہوئے موسمی خدشات نے ہمارے ملک کو بھی شدید متاثر کیا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں موسم میں شدت پیدا ہو چکی ہے۔موسم گرما کا دورانیہ بڑھ چکا ہے جبکہ سردی کا دورانیہ کم مگر شدت زیادہ ہوچکی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہمارے پانی کا بنیادی ذریعہ سمجھے جانے والے گلیشئیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جبکہ گزشتہ حکومتوں نے اس ماحولیاتی تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی ہے تاہم اب موجودہ حکومت نے ماحولیاتی اثرات سے بچنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری شروع کی ہے۔

(جاری ہے)

ماحولیاتی تبدیلیوں کا سب سے بڑا نقصان پاکستان کو یہ ہوا ہے کہ پاکستان میں بارشوں کی مقدار میں واضح کمی آئی ہے جبکہ گلیشئیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں ۔اس باعث پاکستان میں پانی کا بحران سر اٹھانے جارہا ہے اور ماہرین کے مطابق 2025 تک پاکستان پانی کے بدترین بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔تاہم سپریم کورٹ نے اس مسئلے پر توجہ دیتے ہوئے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کے باعث پانی کے مسئلے پر قابو پانا حکومت اور عوام کی ترجیحات میں شامل ہو گیا ہے۔

تاہم اس حوالے سے ابھی بہت سا کام کرنے کی ضرورت ہے۔تاہم ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے عوام بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لے رہی ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت اندرون ملک پاکستانی بھی اس ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق اب تک ڈیم فنڈ میں سات ارب اٹھہتر کروڑ بیس لاکھ پینتالیس ہزار سات سو اڑتیس روپے جمع ہوچکے ہیں جبکہ مزید خطیر رقم بھی جمع ہورہے ہیں۔