راولپنڈی،حضور اکرمﷺ کی حیات طیبہ قیامت تک پوری انسانیت کے لئے اسوئہ حسنہ ہے ، پیر سرکار جی

بدھ 14 نومبر 2018 22:52

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) حضور اکرمﷺ کی حیات طیبہ قیامت تک پوری انسانیت کے لئے اسوئہ حسنہ ہے۔ کیونکہ آپﷺ کی تمام زندگی روشن چراغ کی طرح ہے ا ن خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ محمدیہ قادریہ قلندریہ گلشن آباد شریف پیر سرکار جی نی20ویں سالانہ 12روزہ آل پاکستان جشن عید میلادالنبیﷺکانفرنس بسلسلہ تحفظ ختمِ نبوة و ناموس رسالتؐکے چوتھے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پیرسرکارجی نے کہاکہ آپﷺ کی سیرت کے بہت سے روشن پہلو ہیں، جنہیں شمار میں لانا کسی کے بس میں نہیں۔ آپﷺ کی تعلیمات دائمی اور ابدی ہیں۔ آپﷺنے ہمارے سامنے جس تعلیم کو پیش کیا اور پھر عمل کر کے دکھایا وہ آپﷺکی سیرت کہلائی۔ اسی مقصد کے لئے سیرتِ مبارکہ کے مطالعہ سے انسانیت کی نجات اور ہدایت کی راہیں تلاش کی جا سکتی ہیں،پیر سرکار جی نے اپنے صدارتی خطاب میں نماز کو پابندی سے ادا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نماز حضور اکرمﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، نماز برائیوں اور بے حیائی کے کاموں سے روکتی ہے اور کہا کہ دعا، اللہ کی عظیم نعمت اور اپنے بندوں پر احسان ہے جو عبد کو معبود سے مربوط کر دیتی ہے جس سے روح کو تازگی اور دل کو سکون ملتا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے حضرت علامہ مولانا ڈاکٹر پیر سید سوہنا ماہی شاہ جی چشتی نے اپنے موضوع ً ازروئے قرآن وحدیث نماز، دعا اور توبہ کی فضیلت ً پر خصوصی خطاب کیا۔ مہمانِ خصوصی پیرسید حامد سعید کاظمی شاہ، آستانہ عالیہ کاظمیہ ملتان شریف،پیر حافظ علامہ جمیل الرحمن نقشبندی، صوفی محمد اسلم قادری، ضیا ء الدین مدنی، صاحبزادہ محمد اکرم آفاق قادری، قاری جاوید اختر و دیگر علماء کرام نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اختتام محفل پیر سرکار جی نے ملک پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعا کی۔