کشمیر سے متعلق میرا بیان بھارتی میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا ، شاہد آفریدی

میں ملک کے لیے جذباتی ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتاہوں، انسانیت کابول بالا اور کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے، ٹویٹر پیغام

بدھ 14 نومبر 2018 23:28

کشمیر سے متعلق میرا بیان بھارتی میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا ، شاہد ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کشمیر سے متعلق اپنے بیان پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ بھارتی میڈیا نے میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا، میں ملک کے لیے جذباتی ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتاہوں۔

انسانیت کابول بالا اور کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔

(جاری ہے)

آفریدی نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ میڈیا پر آنے والا ویڈیو کلپ نامکمل ہے اور سیاق و سباق سے ہٹ کرہے، میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ میرا بیان توٹ مروڑ کر چلایا جارہا ہے ، کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہیجس پر بھارت کا جابرانہ قبضہ ہے۔سابق آل راؤنڈر نے لکھا کہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،مجھ سمیت تمام پاکستانی آزادیِ کشمیر کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور کشمیر پاکستان سے ہے۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے خبروں میں لکھا تھا کہ شاہد آفریدی نے لندن میں تقریب کے دوران کہا ہے کہ پاکستان سے چار صوبے تو سنبھالے نہیں جاتے تو کشمیر لے کرکیا کرنا ہے۔۔