Live Updates

کراچی ، غلط الزام تراشی اور بغیر ثبوت کے ہوا میں تیر چلانا پی پی کی روایت رہی ہے،عادل انصاری

وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہے تو سند ھ میں پیپلز پارٹی کی ہے، فواد چوہدری ایک وفاقی وزیر ہیں اور عمران خان اب اس ملک کے وزیر اعظم ہیں، ناشائستہ زبان کے استعمال سے ہی پیپلز پارٹی رہنمائوں کا معیار واضح ہوجاتا ہے، سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف کراچی

بدھ 14 نومبر 2018 23:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سیکریٹری اطلاعات و ترجمان عادل انصاری نے پیپلز پارٹی یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غلط الزام تراشی اور بغیر ثبوت کے ہوا میں تیر چلانا پی پی کی روایت رہی ہے۔اگر وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت ہے تو سند ھ میں پیپلز پارٹی کی ہے۔

فواد چوہدری ایک وفاقی وزیر ہیں اور عمران خان اب اس ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ ناشائستہ زبان کے استعمال سے ہی پیپلز پارٹی رہنمائوں کا معیار واضح ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پائوں پر خود کلہاڑا مارنے والی پیپلزپارٹی تحریک انصاف کو کوئی سبق پڑھانے کی پوزیشن میں نہیں۔ تحریک انصاف نے عوامی خدمت کے جو معیارات قائم کیے ہیں ،دسیوں سال سندھ پر حکومت کرنے والی پی پی اس کا عشر عشیر بھی نہ کرسکی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے معیار کو جانچنے کے لیے پیپلز پارٹی کو بدعنوانی اور دھاندلی کی فضا سے باہر آنا ہوگا جو ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ اپنوں کو نوازنا اور انتقامی سیاست پیپلز پارٹی کے روایتی ہتھکنڈے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق پر تنقید کرنے والے اپنی حکومت کے کارنامے دیکھ لیں جس نے پورے سندھ میں صحت ، تعلیم اور پولیس کے نظام کو تباہ و برباد کردیا۔

جتنی تباہی پیپلز پارٹی نے پھیلائی، اتنی ’’سعادت ‘‘کسی اور کے حصے میں نہ آسکی۔ اگر سندھ حکومت انہی شعبوں میں اصلاحات لے آئے تو تنقید کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ پورے سندھ بالخصوص کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے والی پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو اپنا رویہ اور قبلہ دونوں درست کرنے کی ضرورت ہے۔ آج بھی پیپلز پارٹی کے پاس اس چھوٹے سے سوال کا کوئی جواب نہیں کہ کراچی کے لیے وفاق سے ملنے والے فنڈز کہاں گئے۔ پاکستان تحریک انصاف صاف ستھری سیاست اور شائستہ سیاسی کلچر پر یقین رکھتی ہے ۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات