ْحکومت صوبہ کو ہپاٹائٹس فری بنانے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، چوہدری محمد سرور

ہپا ٹائٹس کے مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں قیدیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے صوبے کی 42جیلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں،گورنر پنجاب

بدھ 14 نومبر 2018 23:28

ْحکومت صوبہ کو ہپاٹائٹس فری بنانے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت صوبہ کو ہپاٹائٹس فری بنانے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ہپا ٹائٹس کے مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہپاٹائٹس کے مہلک مرض سے آگاہی اور حفاظتی اقدامات اپنانے سے متعلق وسیع پیمانے پر تشہری مہم چلائی جائے۔

قیدیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے صوبے کی 42جیلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں۔ یہ بات اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO)کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ڈاکٹر محمد صفدر کمال پاشاکی قیادت میں اِ ن سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے پروگرام مینجر ڈاکٹر زاہدہ سرور کو ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا جائے اور اِس سنگین مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر قانون میں ترامیم کی ضرورت ہے تو اِس کی نشاندہی کی جائے۔ گورنر کو بتایا گیا کہ ہپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں میں 114ہپاٹائٹس کلینکس کام کررہے ہیں جہاں پر مریضوں کے مفت ٹسٹ کیے جاتے ہیں۔ اِسی طرح 17جی آئی کلینکس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ 106ملین افراد کے علاوہ 102ملین بچوں کو ہپاٹائٹس سے بچائو کے لئے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں۔

اِسی طرح ہسپتالوں میں آٹو۔ڈِس ایبلڈ سرنجیں فراہم کی گئی ہیں۔ صوبہ میں 50ہزار باربر شاپس کی بھی رجسٹریشن کی گئی ہے۔ ہپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی منیجر نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے، اِس پروگرام کے تحت ننکانہ صاحب کی جیلوں میں قیدیوں کے ہپاٹائٹس ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے اور اِس میں ہر قسم کی ٹیکنیکل و مالی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔