پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کا ممکنہ نام سامنے آگیا

ملتان سلطانز کی مینیجمنٹ نے ٹیم کو دوبارہ خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا، ٹیم کا نام فیصل آباد سے منسوب کرنے کی خواہش مند

muhammad ali محمد علی بدھ 14 نومبر 2018 21:10

پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کا ممکنہ نام سامنے آگیا
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 نومبر 2018ء) پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کا ممکنہ نام سامنے آگیا، ملتان سلطانز کی مینیجمنٹ نے ٹیم کو دوبارہ خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا، ٹیم کا نام فیصل آباد سے منسوب کرنے کی خواہش مند۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 4 میں 6 ٹیمیں ہی شرکت کریں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ ہونے کے باوجود پاکستان سپر لیگ میں 6 ٹیمیں ہی شرکت کریں گی۔

ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد ملتان سلطانز اب پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کہلائے گی۔ چھٹی ٹیم کی خریداری کے بعد اس کے نئے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ چھٹی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مینیجمنٹ کے معاملات خود دیکھے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ اب خبر سامنے آئی ہے کہ ملتان سلطان کی مینیجمنٹ اس چھٹی ٹیم کو دوبارہ خریدنے میں دلچسپی دکھا رہی ہے۔

تاہم ملتان سلطان کی مینیجمنٹ نئی ٹیم کو کم قیمت پر اور مختلف نام کے ساتھ خریدنا چاہتی ہے۔ ملتان سلطان کی مینیجمنٹ نے ٹیم کا نیا نام فیصل آباد سے منسوب کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے پی سی بی نے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں سنایا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتے کے روز خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی چوتھے ایڈیشن سے چھٹی ہوگئی ہے۔

واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کئی روز سے مذاکرات جاری تھے۔ ملتان سلطانز کو گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ میں شامل کیا گیا تھا۔ ملتان سلطانز کو دبئی کے مشہور شان گروپ کی جانب سے خریدا گیا تھا۔ تاہم شان گروپ کی جانب سے ملتان سلطانز کے ذمے واجبات تاحال ادا نہیں کیے گئے۔

اب پی سی بی نے شان گروپ کی جانب سے واجبات کی تاحال ادائیگی نہ ہونے پر ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ خبریں گردش کرتی رہیں کہ ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کیے جانے کے بعد پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں 6 کی بجائے 5 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ تاہم اگر کوئی اور کاروباری گروپ ملتان سلطانز کی فرنچائز خرید کر اس کے ذمے واجبات ادا کر دیتا ہے، تو پھر اس صورت میں ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کر پائے گی۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل 20 نومبر سے شروع ہوگا۔ اگر 20 نومبر سے قبل ملتانز سلطانز کے معاملات طے نہیں کیے جاتے، تو پھر پاکستان سپر لیگ 4 میں 6 کی بجائے 5 ہی ٹیمیں شرکت کریں گی۔