میزان بینک لمیٹڈ اور نیا پے پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ادائیگیوں کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

بدھ 14 نومبر 2018 23:38

میزان بینک لمیٹڈ اور نیا پے پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین پاکستان میں جدید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) میزان بینک لمیٹڈ اور نیا پے پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ادائیگیوں کی فراہمی کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر 14 نومبر 2018ء کو دستخط ہوئے۔اس معاہدے کا بنیادی مقصد دونوں اداروں کے درمیان پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ادائیگیوںکو ممکن بنانے کیلئے شراکت قائم کرنا ہے۔

نیا پے کا مقصد تاجروں اور صارفین کے لئے سائن اپ، لین دین اور مواصلات کا ایک قابل بھروسہ اور سستا ادائیگیوںکاپلیٹ فارم متعارف کرانا ہے۔ نیا پے کو یقین ہے کہ اس وقت موجودہ فنانشل سروسز اور صارفین کی توقعات میں کافی فرق ہے اور کمپنی اپنے بڑھتے ہوئے پلیٹ فارم کے ساتھ مقامی اور عالمی ریگولیٹری فریم ورکس کے اصولوں کو یقینی بنانے، اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات کی پیروی کرنے اور دہشت گردی کیلئے امداد کی روک تھام کیلئے ہدایات کو یقینی بنانے کے لئے محفوظ اور رکاوٹوں سے پاک ادائیگیوں کی بہترین سہولیات کے ذریعے ان مشکلات سے نمٹنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

نیا پے، پی ایس پی/پی ایس او لائسنس کے لئے درخواست دہندہ ہے جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔ نیا پے پلیٹ فارم بہترین بین الاقوامی تجربے اور معیارات کے نفاذ بشمول ISO/IEC/27001:2013 اور PCI-DSS3.2 کے ساتھ صارفین کے سیکورٹی تحفظات پر بھرپور توجہ کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ کمپنی پاکستان کے اندر KYC، AML/CFT اور اے آئی پر مبنی فراڈ کی نشاندہی کیلئے دنیا کے معروف ٹیکنالوجی کے حامل حل فراہم کرتی ہے۔

تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیا پے (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سی ای اودانش لا کھانی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ایک ایسے مضبوط مقامی ادائیگی کے نظام کی ضرورت ہے جو PayPal، Venmo، AliPay اور WeChat/Pay کے اپنی ملکی معیشتوں پر اثرات کی طرح صارف کو آسانی فراہم کرتے ہوئے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایک موبائل ایپلی کیشن پر مبنی کم لاگت اور محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا پلیٹ فارم کسی بھی ڈیجیٹل انضمام کے حامل معاشرے کے لئے ایک اہم ستون ہے، اس سے نئی خدمات میسر ہوں گی جوپہلے مہنگی تھیں یا معاشرے کے صرف ایک طبقہ کیلئے قابل رسائی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ نیا پے کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کا پلیٹ فارم ہماری معیشت میں شفافیت کے لئے بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم منی لانڈرنگ اور مالیاتی فراڈ جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم تیار کر رہے ہیں جس میں اعلیٰ درجے کی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ پاکستان کا انسانی سرمایہ ٹیکنالوجی کو بنانے اور آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ ہم بھارت کی PayTM اور بنگلہ دیش کی bKash کی کامیابیوں سے زیادہ آگے نہ بڑھ سکیں۔

میزان بینک لمیٹڈ کے ڈپٹی سی ای او عارف الاسلام نے اس موقع پر نیا پے کے ساتھ شراکت داری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیا پے کے ساتھ شراکت داری ادائیگیوں کے نظام میں جدتوں کو متعارف کرانے کے لئے ہے۔ اس کا مقصد نئے طبقات کی شمولیت کے ساتھ ادائیگیوں کے ایکو سسٹم میں توسیع کرتے ہوئے صارفین کے لئے تیز ترین اور آسان ادائیگیوں کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے نیا پے کی کامیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔