Live Updates

35 سال سے کم عمر 13 کروڑ آبادی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے جو ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے،

+ نوجوانوں کی تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ان کی ہر شعبہ میں شمولیت کو یقینی بنانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، نوجوانوں کے لئے خصوصی پورٹل کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ براہ راست حکومت تک اپنی آراء ، تجاویز اور شکایات پہنچا سکیں وزیراعظم عمران خان کی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر گفتگو

بدھ 14 نومبر 2018 23:48

35 سال سے کم عمر 13 کروڑ آبادی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے جو ملک کی تقدیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 35 سال سے کم عمر 13 کروڑ آبادی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے جو ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے، نوجوانوں کی تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ان کی ہر شعبہ میں شمولیت کو یقینی بنانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وہ بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے دی گئی بریفنگ میں گفتگوکررہے تھے ۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام محمد عثمان ڈار، وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی، سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت تیرہ کروڑآبادی پینتیس سال سے کم عمر ہے جس کی تعلیم و تربیت اور انہیں روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے‘سابقہ حکومت کے دور میں اربوں روپے سے شروع کیے جانے والے یوتھ پروگرامز کی افادیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ کامن ویلتھ یوتھ گلوبل ڈویلپمنٹ انڈیکس رینکنگ کے مطابق پاکستان کی پوزیشن 2013کے مقابلے میں کم ہو کر 154تک آن پہنچی ہے‘ 2013میں پاکستان 89نویں نمبر پر تھا۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کامن ویلتھ یوتھ گلوبل ڈویلپمنٹ انڈیکس کے مطابق تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع، سیاسی عمل اور دیگر امور میں شمولیت کے حوالے سے پاکستانی نوجوانوں کی شرح انتہائی کم ہے۔بتایا گیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے منشور کے مطابق نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور زندگی کے مختلف شعبوں میں انکی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے جامع اور مفصل پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گذشتہ دور میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لئے شروع کیے جانے والے مختلف پروگرامز کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے پورے ملک کے لئے جامع اور مفصل پروگرام مرتب کیا جائے جس میں نہ صرف معیاری تعلیم، صحت کی سہولتوں اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے بلکہ غریب خاندانوں کے نوجوانوں کو غربت سے نکالنے اور ان کو باعزت روزگار کی فراہمی میں مدد فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کے لئے خصوصی پورٹل کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ براہ راست حکومت تک اپنی آراء ، تجاویز اور شکایات پہنچا سکیں تاکہ مستقبل کی پالیسیاں ان تجاویز کی روشنی میں مرتب کی جا سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات