وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس

بدھ 14 نومبر 2018 23:55

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے حوالے سے بدھ کو نیو سندھ سیکریٹریٹ میں علماء کرام کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ سعید غنی، صوبائی وزیر ورکس ناصر شاہ، صوبائی وزیر زکوة فراز ڈیرو، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس کلیم امام، سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر، وزیر اعلی سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ وقار مہدی، راشد ربانی، کمشنر کراچی افتخار شالوانی اور حاجی حنیف طیب، علامہ شاہ عبد اللہ حق قادری، علامہ عباس کمیلی، علامہ مقصود ڈومکی، مولانہ یعقوب عطاری، مولانا اکبر درس سمیت40 علمائے کرام نے شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت سے کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 12 ربیع الاول کے جلسے جلوس، میلاد کی محفلوں کے حوالے سے ضابطہ اخلاق اور امن و امان کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس مہینہ میں ہمارے حضور پاک حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ان کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلا د النبی ﷺ کے دو قدیم جلوس ٹاور سے آرام باغ تک اور نیو میمن مسجد سے نشتر پارک تک نکلتے ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم نے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹ پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس وغیرہ کے لئے احکامات دیئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ تمام علماء جو مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھتے ہیں آپ نے محرم الحرام، عید میلا د النبی ﷺ اور دیگر ایونٹس پر ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ آپ سب علماء نے پورے صوبے میں بین المذہب اور تمام فرقوں میں جس طرح ہم آہنگی پیدا کی ہے، وہ قابل ستائش ہے، جس کی وجہ سے آج صوبے میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے۔