پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کر رہی ہے ، اپوزیشن کے شور کا کوئی جواز نہیں بنتا، کرپشن کے معاملے سے ہاتھ اٹھا لینے کی صورت میں یہ لوگ 5 سال تک خاموش بیٹھے رہیں گے،

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل وائوڈا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’آف دی ریکارڈ‘‘ میں اظہار خیال

جمعرات 15 نومبر 2018 00:00

پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کر رہی ہے ، اپوزیشن کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل وائوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کر رہی ہے جس پر اپوزیشن شور کر رہی ہے جس کا کوئی جواز نہیں بنتا، ہم کرپشن کے معاملے سے ہاتھ اٹھا لیں تو یہ لوگ 5 سال تک خاموش بیٹھے رہیں گے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’آف دی ریکارڈ‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہداللہ خان کے الفاظ دیکھیں اور ان کی عمر دیکھیں، پارلیمان میں بات کرنے سے پہلے ہر کسی کو یہ سوچنا چاہیئے کہ وہ کیا کہہ رہا ہے، سینیٹر مشاہداللہ خان نے پارلیمنٹ میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت کی ناکام اور غلط پالیسیوں نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، نواز شریف کے دور حکومت میں ائیرپورٹ اور ہائی ویز بھی گروی رکھے گئے، ہم انہیں ان کا ماضی یاد دلاتے ہیں، جواب دینے سے قبل ان لوگوں کو ماضی نہ دکھائیں تو یہ برا مان جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بالکل درست سمت پہ گامزن ہے اور کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب جاری رہے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے دور میں ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے تو کچھ نہ کر سکی لیکن ماڈل ٹائون میں ان لوگوں نے 14 لاشیں گرائیں جس کے بعد یہ بدمعاشی پر اتر آئے، اب ہماری حکومت شرافت کے دائرے میں رہتے ہوئے انہیں ان کے ماضی سے آگاہ کر رہی ہے۔