جعلی بینک اکاؤنٹس کے بعد جعلی جائیدادیں بھی نکل آئیں

کراچی میں ویلڈرز کی دبئی میں بے نامی جائیداد کا انکشاف ہوا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 15 نومبر 2018 10:54

جعلی بینک اکاؤنٹس کے بعد جعلی جائیدادیں بھی نکل آئیں
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2018ء) : جعلی بینک اکاؤنٹس کے بعد جعلی جائیدادوں کا بھی انکشاف ہو گیا۔ کراچی کے ویلڈرز کی دبئی میں بے نامی جائیدادوں کا انکشاف سامنے آیا ہے، ایف آئی اے نے کراچی کے ویلڈر کو دبئی میں جائیداد کا مالک ہونے پر نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔ ویلڈر عمران کو جائیداد کے کاغذات سمیت 20 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ نشتر ٹاؤن کے ایک ویلڈر عمران کی دبئی میں جائیداد نکل آئی۔ ویلڈر عمران کا کہنا تھا کہ میں زندگی میں نہ کبھی دبئی گیا اور نہ ہی ایسا تصور کیا۔ ویلڈر عمران نے کہا کہ میرے پاس تو پاسپورٹ بھی نہیں ہے ،میں گیٹ اور ویلڈنگ کے دوسرے کام کرتا ہوں۔ جب میرے پاس پاسپورٹ ہی نہیں ہے تو میں ملک سے باہر کیسے جا سکتا ہوں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے عمران کو نوٹس جاری کیا ، دبئی میں موجود جائیداد عمران کے اپنے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر حاصل کی گئی تاہم عمران نے ایسی کوئی جائیداد ہونے سے صاف انکار کرد یا ہے ۔ ویلڈر عمران کا کہنا ہے کہ یہ جائیداد میری نہیں ہے، اگر ایف آئی اے چاہے تو میرے نام پر نکلی جائیداد کو فروخت کر کے حاصل ہونے والی رقم ڈیم فنڈ میں جمع کروادے۔

ایف آئی اے نے اس حوالے سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں جعلی بینک اکاؤنٹس زیر استعمال ہونے اور منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا جس کے بعد جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کا کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔اس کے علاوہ گذشتہ دور حکومت میں سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال، پُرزہ جات نکال کر فروخت کرنے ، دوسری گاڑیوں میں ڈالنے اور جعلی پٹرول کی رسیدیں بنا کر کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے کے حوالے سے دو اہم اداروں کی رپورٹ میں چاروں صوبوں میں کرپشن ہونے کی تصدیق کی گئی۔

سندھ، پنجاب اور بلوچستان کو اس حوالے سے سب سے آگے قرار دیا گیا ہے۔ تاہم اب جعلی جائیدادوں کا معاملہ بھی اُٹھایا گیا ہے جس پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔