Live Updates

سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر انتخاب آج ، لیگی رہنماؤں سے حلف لےلیا گیا

لیگی ارکان اسمبلی سے سینیٹ اُمیدواروں کو ووٹ ڈلوانے کے لیے حلف لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 15 نومبر 2018 11:29

سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر انتخاب آج ، لیگی رہنماؤں سے حلف لےلیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2018ء) : سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر آج انتخاب ہو رہا ہے، سینیٹ انتخابات میں اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مسلم لیگ ن نے اپنے ارکان اسمبلی سے حلف لے لیا ہے ۔ حلف سینیٹ اُمیدواروں کو ووٹ ڈلوانے کے لیے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ماڈل ٹاؤن لہاور میں ہوا جس کی صدارت اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کی ۔

مسلم لیگ ن کا یہ اجلاس 25 منٹ جاری رہا جس میں سینیٹ کی 2 نشستوں پرانتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی اور لیگی ارکان کے ووٹ لیگی اُمیدواروں کے حق میں کاسٹ کروانے کے لیے ارکان سے حلف بھی لیا گیا ۔ اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ ارکان اسمبلی کو واضح ہدایت کی گئی کہ وہ سعو دمجیداورسائرہ افضل تارڑ کو ہی ووٹ دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پربلال یاسین ،ملک وحید ، کنول لیاقت،ربیعہ نصرت، ملک غلام حبیب اعوان ، میاں نصیراحمد،سیف الملوک کھوکھر ،سمیع اﷲ خان سمیت مرد اور خواتین تمام ارکان سے حلف لیا گیا جس میں کہا گیا کہ وہ حلفاً کہیں کہ سینیٹ ضمنی الیکشن میں لیگی اُمیدواروں کوہی ووٹ دیں گے ۔

حمزہ شہباز شریف نے تمام ارکان کو مقررہ وقت پر پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ سینیٹ انتخاب میں مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومتی صفوں میں دراڑ پڑنا شروع ہوگئی ہیں۔ن لیگ پوری طرح نوازشریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحدہے ۔ وہ وقت دور نہیں جب عوام خود جھوٹے لوگوں کو ایوانوں سے باہرنکال پھینک دے گی۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی دونشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہو گا۔ پولنگ کا عمل صبح 9 شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے پنجاب اسمبلی میں جاری رہے گا۔ جنرل نشست پر تحریک انصاف کے ولید اقبال اور ن لیگ کے سعود مجید جبکہ خواتین کی مخصوص نشست پر تحریک انصاف کی سیمی ایزدی اور مسلم لیگ (ن)کی سائرہ افضل تارڑ مد مقابل ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں سینٹ کی دو نشستوں پر آج ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدواروں کی کامیابی کا قوی امکان ہے جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات میں کامیابی اور عمران خان کی جماعت کو ہرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے اور پیسہ تک لگانے کا بھی فیصلہ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات