مشعل اوباما کی سوانح حیات میں ٹرمپ سے شدید ناراضی کا ذکر

جمعرات 15 نومبر 2018 12:10

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) امریکا کی سابقہ خاتون اول مشعل اوباما کی یادداشتوں پر مشتمل سوانح حیات "بی کمنگ" منظر عام پر آ گئی ہے۔ کتاب میں سابق صدر باراک اوباما کی اہلیہ نے کہا ہے کہ "بہت سے شادی شدہ جوڑوں کو چیلنجوں کا سامنا ہوتا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ جان لیں کہ یہاں تک کہ باراک اور مشعل اوباما کو بھی اپنی محبت کے ساتھ اپنی شادی کے بندھن کو برقرار رکھنے کے لیے کام کرنا پڑتا ہے۔

مشعل اوباما اور ان کے شوہر کو اس سوانح حیات کو شائع کروانے پر 6 کروڑ ڈالر کی رقم ملی ہے۔ یہ سابقہ سربراہان اور خواتین اول کی یادداشتوں کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ ہے۔مشعل نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ انہیں اپنے شوہر کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے کی بہت کم امید تھی۔

(جاری ہے)

وہ کہتی ہیں کہ "یہ سوچنا بہت مشکل ہے کہ جس ملک میں آپ پر ظلم ہوا ہو اور آپ ایک دن اس کی قیادت بھی کر سکیں۔

افریقی نژاد امریکی سمجھتے تھے کہ ملک کسی سیاہ فام صدر کے لیے تیار نہیں ہے۔ایک دل چسپ انکشاف میں سابقہ خاتون اول نے کتاب میں کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب کے حوالے سے وہ اس حد تک ناخوش تھیں کہ ٹرمپ کے صدر کے منصب سنبھالنے والے روز بھی مسکرا نہ سکیں۔ باراک اوباما کے امریکا میں پیدا نہ ہونے سے متعلق افواہ کے بارے میں مشعل کہتی ہیں کہ "اگر کوئی ذہنی مریض شخص گولیوں سے بھرا پستول لے کر گاڑی چلا کر واشنگٹن ہماری بیٹیوں کی تلاش میں پہنچ جائے تو کیا ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ذمّہ دارانہ بیانات سے ہمارے خاندان کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا تھا۔ اسی وجہ سے میں انہیں کبھی معاف نہیں کروں گی۔