شاہد آفریدی نے جو بھی کہا سچ ہے

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا شاہد خان آفریدی کے بیان پر رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات نومبر 13:00

شاہد آفریدی نے جو بھی کہا سچ ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2018ء) : بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر شاہد خان آفریدی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے جو کچھ بھی کہا وہ سچ ہے۔ پاکستان خود اپنا ملک نہیں چلا سکتا، تو وہ کشمیر کو کیسے سنبھالیں گے۔ کشمیر ہمیشہ سے ہی بھارت کا حصہ رہا ہےا ور آگے بھی بھارت کا حصہ ہی رہے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی ان دنوں لندن میں مقیم ہیں۔ لندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان کشمیر کو حاصل کرنے کا خواہشمند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تو اپنے 4 صوبے نہیں سنبھال سکتا، تو پھر کشمیر کیسے سنبھالے گا۔

(جاری ہے)

کشمیر نہ بھارت کو دو نہ ہی پاکستان کو دو، کشمیر کشمیریوں کو دے دو، کشمیریوں کو جینے دیا جائے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ کشمیریوں کو خود مختار علاقہ میں رہنے کا حق حاصل ہے۔ شاہد آفریدی کے اس بیان پر نئی بحث کا آغاز ہو گیا۔ متنازعہ بیان دینے پر شاہد خان آفریدی کو ایک طرف پاکستان میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تو دوسری جانب بھارتی میڈیا شاہد آفریدی کے بیان کو بنیاد بنا کر پاکستان کو ایک ناکام ریاست ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستانیوں نے شاہد آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی کے اس بیان نے بھارت میں مظالم سہنے والے کشمیریوں کی حوصلہ شکنی کی ہے، کشمیری اپنے سینے پر گولی کھا کر ''پاکستان زندہ باد'' کا نعرہ بُلند کرتے ہیں لیکن شاہد خان آفریدی کے اس بیان سے کشمیری نہ صرف مایوس ہوئے ہوں گے بلکہ ان کے جذبات بھی مجروح ہوئے ہوں گے۔ متنازعہ بیان پر بحث اور تنقید کا زور بڑھنے پر پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے وضاحتی بیان دیا اور کہا کہ میرےبیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ میں اپنے وطن سے بہت محبت کرتا ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ انسانیت سب سے بالاتر ہونی چاہئیے اور انسانی حقوق کے تحت کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں۔