سیاسی جماعتوں کو ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کے لئے کردار اد اکرنا ہو گا، الیکشن 2018ء کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کو کام کرنے دیا جائے

مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما سینیٹر سیّد مظفر حسین شاہ کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات نومبر 15:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2018ء) مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما سینیٹر سیّد مظفر حسین شاہ نے کہا ہے کہ خفیہ رائے شماری جمہوریت کی روح ہے، سیاسی جماعتوں کو ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کے لئے کردار اد اکرنا ہو گا، الیکشن 2018ء کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کو کام کرنے دیا جائے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مظفر حسین شاہ نے کہا کہ خفیہ رائے شماری جمہوریت کی روح ہے، میں کسی کو ووٹ دیتا ہوں تو میری رائے خفیہ ہو گی مگر ہارس ٹریڈنگ کے خاتمہ کے لئے سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بکنے والا نہیں ہو گا تو خریدنے والا بھی نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات 2018ء کے متعلق پارلیمانی کمیٹی کو کام کرنے دیا جائے اس حوالے سے ذیلی کمیٹی ٹی او آر تیار کر کے کمیٹی میں پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں کمیٹی کے ٹی او آر کا انتظار کرنا چاہیے بلکہ کمیٹی انتخابات 2018ء کے حوالے سے کمیٹی کو کام کرنے دیا جائے تاکہ کسی نتیجہ پر پہنچا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق کرکٹر شاہد آفریدی کے ٹویٹر پیغام کے حوالے سے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنے بیان کی وضاحت کر دی کہ کشمیر کو سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، تمام سیاسی شخصیات کا یہی اصولی موقف ہے اور رہے گا۔