شاہد آفریدی کا کشمیر سے متعلق متنازعہ بیان ، اہلیہ بھی میدان میں آگئیں

شاہد آفریدی کی اہلیہ نے شاعر مشرق علامہ اقبال کا قول شئیر کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات نومبر 16:00

شاہد آفریدی کا کشمیر سے متعلق متنازعہ بیان ، اہلیہ بھی میدان میں آگئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 نومبر 2018ء) : پاکستان کے کرکٹر شاہد آفریدی کے کشمیر سے متعلق متنازعہ بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیٹر دی ہے۔ شاہد آفریدی کو ان کے بیان کی وجہ سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ایک طرف جہاں شاہد آفریدی اپنے بیان کو سیاق سباق سے ہٹا کر پیش کرنے کی صفائی دے رہے ہیں وہیں دوسری جانب اس سارے معاملے پر شاہد آفریدی کی اہلیہ کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کی اہلیہ نادیہ شاہد نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا ایک قول شئیر کیا جس میں علامہ اقبال نے فرمایا تھا کہ قومیں شعرا کے دلوں میں جنم لیتی ہیں لیکن سیاستدانوں کے ہاتھوں یا تو ترقی کرتی ہیں یا پھر ان کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کو جہاں ان کے بیان کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں کچھ لوگوں نے شاہد آفریدی کے اس بیان کی حمایت بھی کی اور ان کے حق میں بول اُٹھے۔

معروف صحافی حامد میر نے کہا کہ خود مختار کشمیر ہی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی سے نجات پانے کا ایک اچھا طریقہ ہے۔ شاہد آفریدی نے بالکل صحیح کہا ہے۔
ایک اور صحافی عمر قریشی نے شاہد آفریدی کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے بات تو صحیح کی ہے۔
اس کے علاوہ ایم کیوایم کے رہنما سید علی رضا عابدی نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں شاہد آفریدی کے بیان سے اتفاق کرتا ہوں کیونکہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہی ہے، ہمیں اس بات کا فیصلہ کشمیریوں کو ہی کرنے دینا چاہئیے کہ انہیں کس کے ساتھ رہنا ہے اور کس کے ساتھ نہیں۔