ذیابیطس ترقی پذیر اور تیسری دنیا کے ممالک میں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے، دانش خان

مرض کواحتیاطی تدابیر اور خوراک کے مناسب استعمال سے کنٹرول کیاجاسکتا ہے،کاٹی میں ذیابیطس کا عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا اہتمام

جمعرات 15 نومبر 2018 17:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں ذیابیطس کا عالمی دن کے موقع پر ڈاکٹر عیسٰی لیبارٹری کے تحت سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد لوگوں میں اس مرض سے متعلق آگاہی مہیا کرنا تھا ۔اس موقع پر کاٹی کے صدر دانش خان، سینیٹر عبدالحسیب خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمٰن، نائب صدر ماہین سلمان اور دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ریجنل ہیڈ ڈاکٹر نئیرجبین نے کاٹی میں پریزینٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ شوگر یعنی زیابیطس ایک ایسی بیماری ہے جو بہت سی دوسری بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔ ذیابیطس ایک خطرناک مرض ہے جو تیزی سے عام ہوتا جارہا ہے اس کو ورزش ،احتیاطی تدابیر اور خوراک کے مناسب استعمال سے کنٹرول کیاجاسکتا ہے ہمیں اپنے معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی کہ کس طرح ان موزی امراض سے بچا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نئیرجبین نے کہا کہ ذیابیطس کا عالمی دن منانے کا مقصد اس مرض سے پیدا شدہ پیچید گیوں،علامات اور اس سے بچاؤ کے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس موقع پر کاٹی کے صدر دانش خان نے کہا کہ ذیابیطس ترقی پذیر اور تیسری دنیا کے ممالک میں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کروڑوں لوگ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں،صحت مند غذا اور ورزش کو معمول بنا کر خون میں شکر کو مناسب سطح پر رکھا جا سکتا ہے۔ کاٹی کے صدر دانش خان نے کہاکہ طبی ماہرین کے مطابق نامناسب طرز زندگی اور فاسٹ فوڈ کا بڑھتا استعمال اس مرض میں اضافے کا سبب ہے۔اس موقع پر ممبران کا فری بلڈ، شوگر اور مختلف ٹیسٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :