پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستانی ٹیم کےلئے خوشخبری آگئی

کیوی کپتان ولیمسن ناحال مکمل فٹ نہ ہو سکے ،لیتھم قیادت کے متبادل امیدوار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 15 نومبر 2018 16:45

پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستانی ٹیم کےلئے خوشخبری آگئی
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15نومبر2018ء) پاکستان کی توجہ وائٹ سے ریڈ بال کرکٹ پر مبذول ہوگئی اور جمعے سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔نیوزی لینڈ سے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد اب پاکستان ٹیم کی توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مبذول ہوگئی ہے، اس سلسلے میں بدھ کوکھلاڑیوں نے شیخ زید سٹیڈیم پر بھرپور پریکٹس کی، کیویز سے تین ٹیسٹ کی سیریز کا آغاز جمعے سے ہورہا ہے۔

دوسری جانب مہمان ٹیم بدستورکپتان کین ولیمسن کی فٹنس کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہے، وہ گروئن انجری کے باعث بارش کی نذر ہونے والا تیسرا ون ڈے نہیں کھیل پائے تھے۔البتہ کوچ گیری اسٹیڈ بدستور پرامید ہیں کہ ولیمسن جمعے سے شروع ہونے والے میچ تک فٹ ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ پہلے ولیمسن کو گروئن میں معمولی تکلیف تھی مگر پھر اس میں شدت آگئی، اب بہتری آرہی ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ تک فٹ ہوسکتے ہیں۔

سٹیڈ نے واضح کیا کہ اگر ولیمسن یہ میچ نہ کھیل پائے تو قیادت کیلیے ٹام لیتھم اور ٹم ساﺅتھی امیدوار ہوں گے۔ ان میں سے لیتھم کا امکان زیادہ ہے کیونکہ تیسرے ون ڈے میں بھی کیویز کی قیادت انھوں نے ہی سنبھالی تھی۔سکواڈ میں اس وقت واحد اضافی بیٹسمین بیک اپ وکٹ کیپر ٹام بلنڈیل کی صورت میں موجود ہیں ،انھیں ہی میدان میں اتارا جا سکتا ہے جبکہ ہینری نکولس کو تیسری پوزیشن پر ترقی ملے گی۔اسی طرح اسٹیڈ نے اس بات کی بھی تصدیق کردی کہ 30 برس کے اعجاز پٹیل ٹیسٹ کیپ حاصل کرسکتے ہیں،دوسرے سپنر کے لیے ایش سوڈھی اور حال ہی سکواڈ میں طلب کیے جانے والے ول سمرویل میں مقابلہ ہوگا۔