سیاحت اور معدنیات کے شعبے کی ترقی سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں حقیقی اورپائیدار ترقی کی بنیادرکھی جائیگی،علی امین خان گنڈاپور

سیاحوں کے لیے ویزا پالیسی کو مزید آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں،سیاحت کے شعبے کی ترقی خطوں میںنوجوانوں کیلئے باعزت روزگار اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد بنے گی،وفاقی وزیر امور کشمیر

جمعرات 15 نومبر 2018 17:45

سیاحت اور معدنیات کے شعبے کی ترقی سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء)وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاحت اور معدنیات کے شعبے کی ترقی سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں حقیقی اورپائیدار ترقی کی بنیادرکھی جائے گی۔ا نہوں نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ خوبصورتی اور قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے جن کے بہترین استعمال سے یہ دو خطے دُنیا کے معروف ترین سیاحتی مقامات کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ گزشتہ ستر سالوں میں ان علاقوں میں سیاحت اور قدرتی وسائل کی ترقی کے لیے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا اور ان دونوں شعبوں کو نظر انداز کیا گیا جو کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کے لیے حقیقی موجب ثابت ہو سکتے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ان علاقوں تک ذرائع رسائی ایک بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور اس ضمن میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام سیاحتی مقامات تک ذرائع آمدورفت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں گلگت بلتستان میں راما جھیل اور فیری میڈوز تک سڑکوں کی تعمیر سے متعلق جائزہ لینے کے لیے پہلے ہی ہدایات دی جاچکی ہیںاور اس کے علاو ہ دیگر سیاحتی مقامات تک ذرائع آمدورفت کا مکمل جائزہ لیا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسی طرح تمام سیاحتی مقامات پر جدید ٹورسٹ ریذورٹس کی تعمیر کے لیے بھی سروے کیا جارہا ہے تاکہ سیاحوں کو ان تمام سیاحتی مقامات پر بہترین تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ رہائش کی بھی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔

انہوںنے کہا کہ اس کے علاوہ سیاحوں کے لیے ویزا پالیسی کو مزید آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں دو سو کلومیٹر طویل ٹورازم کورڈور کی تعمیر اُن کی حکومت کی بنیادی ترجیح ہوگی تاکہ اس کی بدولت ایک جانب سیاحت کو فروغ دیا جاسکے تو دوسری جانب یہاں کے عوام کو ذرائع آمدورفت کے بہترین سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ انہوںنے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی ترقی ان خطوں میںنوجوانوں کے لیے باعزت روزگار اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد بنے گی۔انہوںنے کہاکہ سیاحت کی ترقی کے منصوبوںمیں اس امر کویقینی بنایا جائے گا کہ اس سلسلے میں ایسی منصوبہ بندی کی جائے جس سے قدرتی ماحول کو محفوظ رکھتے ہوئے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔