آزاد جموں و کشمیرکے صدر سردار مسعود خان سی اسٹیٹ بینک آزاد کشمیر برانچ کے چیف منیجر سلیم عباسی اور ڈپٹی چیف منیجر وحید اکرم بٹ کی ملاقات

صدر آزادکشمیر کا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں دلچسپی لینے پر بینک کے اعلیٰ حکام کا شکریہ

جمعرات 15 نومبر 2018 18:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) آزاد جموں و کشمیرکے صدر سردار مسعود خان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں دلچسپی لینے پر بینک کے اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد علاقہ میں سیاحت کے فروغ، باغبانی کے شعبہ کی ترقی اور کاروباری مقصد کے لئے پھولوں کی افزائش کے لئے قومی اور نجی شعبہ میں قائم بینک حکومت کی مدد کریں تاکہ ریاست میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان آزاد کشمیر برانچ کے چیف منیجر سلیم عباسی اور ڈپٹی چیف منیجر وحید اکرم بٹ سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموںو کشمیر ایک زرخیز اور پھلوں اور پھولوں کی افزائش کیلئے نہایت موذوں خطہ ہے جہاں زراعت، باغبانی اور کمرشل بنیاد پر پھولوں کی افزائش پر توجہ دیکر خطہ کی ترقی کے عمل میں تیزی لائی جاسکتی ہے اس کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی میں نجی اور حکومتی شعبوں کو درکار مالی وسائل فراہم کرنے میں بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاحت کو ترقی دے کر آزاد کشمیر میں اقتصادی ترقی کے عمل کو تیز کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لئے سیاحتی راہداری کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سیاحوں کے لئے پُرکشش ایک بڑے علاقے کو سٹرکوں اور دیگر ذرائع آمدورفت کے ذرائع سے باہم ملانے والے منصوبے کی ابتدائی اسٹیڈی رپورٹ تیار کرکے حکومت پاکستان کو ارسال کر دیا گیا ہے اور توقع ہے اس انتہائی اہم منصوبے پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سیاحتی راہداری کے منصوبے کو پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ بنادیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی یہ خوش قسمتی ہے کہ یہاں 27فیصد علاقہ جنگلات پر مشتمل ہے، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ نہ صرف پہلے سے موجود جنگلات کو بچایا جائے بلکہ مذید جنگلات اُگائے جائیں تاکہ آزاد کشمیر کے قدرتی حُسن کو برقرار اور ماحول کو صاف ستھرا اور سازگار بنایا جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے چیف منیجر سلیم عباسی اور ڈپٹی چیف منیجر وحید اکرام بٹ نے صدر آزاد کشمیر کو بتایا کہ اسٹیٹ بینک اور اس سے وابستہ بینکوں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ سیاحت ، شجرکاری اور پن بجلی سے متعلق منصوبوں کے لئے مالی معاونت فراہم کریں تاکہ ان شعبوں کو ترقی دے کر آزاد کشمیر کی مجموعی اقتصادی اور سماجی ترقی میں حکومت کا ہاتھ بٹایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان پہلے ہی دولائی کے مقام پر دریائے جہلم کے بائیں کنارے کے علاقے میں شجرکاری کا ایک منصوبہ شروع کر چکا ہے جبکہ سیاحت اور پن بجلی کے منصوبوں کے لئے بھی مالی معاونت کی سکیم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد علاقے میں قائم شیڈول بینک سیاحت فروغ پالیسی کے تحت گیسٹ ہائوسز ، ٹوریسٹ ہٹس اور سمال رہائشی یونٹس کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ صدر سردار مسعود خان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی پروگرام کے تحت ملک کی سماجی ، اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی بہتری کے لئے خدمات کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :