صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خاتون اول کے ہمراہ نیشنل لائبریری آف پاکستان کا دورہ، لائبریری میں ’’پریذیڈینشل کارنر‘‘ کا افتتاح کیا

جمعرات نومبر 18:15

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خاتون اول کے ہمراہ نیشنل لائبریری آف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خاتون اول محترمہ ثمینہ علوی کے ہمراہ جمعرات کو نیشنل لائبریری آف پاکستان کا دورہ اور لائبریری میں ’’پریذیڈینشل کارنر‘‘ کا افتتاح کیا۔ وزیر برائے وفاقی تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت اور قومی ورثہ شفقت محمود نے آمد پر صدر مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔

صدر مملکت نے لائبریری کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے خصوصی افراد کیلئے قائم ’’گوشہ نور‘‘ کا بھی دورہ کیا اور لائبریری میں موجود خصوصی افراد سے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے ایسے افراد کیلئے خصوصی کائونٹرز اور دیگر سہولیات کے ہمراہ مخصوص کمپیوٹرز مختص کرنے پر نیشنل لائبریری کی انتظامیہ کی تعریف کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم کو ہدایت کی کہ خصوصی افراد کو مطالعہ کیلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ سماعت سے محروم افراد کے استفادہ کیلئے نیوز بلیٹن اور ٹی وی پروگراموں میں سائن لینگویج کو شامل کرنے کی سفارش کریں گے۔ صدر مملکت نے تاجکستان، ترکی، بیلاروس، آذربائیجان، امریکہ، کیوبا اور بلغاریہ سمیت دیگر ممالک کی لائبریریز کے ساتھ ایم او یوز کے تحت قائم ہونے والے مختلف کارنرز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے لائبریری کے آرکائیوز سیکشن میں نایاب اور تاریخی کتب و اخبارات کی ڈیجیٹلائزیشن کا بھی مشاہدہ کیا اور تاریخ کو محفوظ بنانے کی اس کاوش کی تعریف کی۔ صدر نے لائبریری میں صدارتی کارنر کا بھی افتتاح کیا۔