سورج مکھی کی کاشت اور پیداوارکا ہدف ہر صورت یقینی بنایا جائے، وزیر زراعت پنجاب

جمعرات 15 نومبر 2018 18:43

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) سورج مکھی کی کاشت کے فروغ اور اس کے بوائی کے ہدف کا جائزہ لینے کیلئے زراعت ہاؤس لاہور میں تمام اسٹیک ہولڈرز کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے کی،اجلاس میں واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب ،سید ظفریاب حیدر ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)،محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب سمیت محکمہ زراعت کے اعلی افسران و سیڈ کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی،اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ پاکستان ہر سال 3 کھرب کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے جو کہ ہماری معیشت پر ایک بوجھ ہے،تیلدار اجناس کی کاشت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،سورج مکھی نسبتاً کم دورانیہ کی فصل ہے جو کہ90 سی110 دن میں تیار ہو جاتی ہے اور اس کی کاشت سے کاشتکار کم وقت میں زیادہ منافع کما سکتے ہیں، سورج مکھی کے بیج میں40 تا45 فیصد اعلی قسم کا تیل پایا جاتا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ بھرپور پیداوار لے سکیں،اس ضمن میں سیڈ بنانے والی کمپنیاں سورج مکھی کا سستا اور معیاری بیج مارکیٹ میں لے کر آئیں تاکہ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت سے بھرپور منافع کما سکے اور تیلدار اجناس پر اٹھنے والے درآمدی اخراجات میں بھی کمی ہو سکے، انہوںنے مزید کہا کہ امسال حکومت پنجاب نے سورج مکھی کی کاشت کے فروغ کیلئی5000 روپے فی ایکڑ سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ اس کی کاشت کو فروغ دیا جا سکے،واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب نے اجلاس کے دوران کہا کہ اس سال2 لاکھ50 ہزار ایکڑ پر سورج مکھی کی کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے اور اس ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے،سورج مکھی کے کاشتکاروں کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کی جارہی ہے،اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے آل پنجاب سالونٹ ایسوسی ایشن کے نمائندگان کو کہا کہ پچھلے سال کی طرح ملکی مفاد میں محکمہ زراعت پنجاب کے شانہ بشانہ کام کریں اور امسال بھی سورج مکھی کی خریداری کے مراکز کے قیام میں محکمہ زراعت کا ساتھ دیں۔