کل جماعتی کشمیر کانفرنس کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت اظہارتشویش

جمعرات 15 نومبر 2018 18:43

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتما م برطانوی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم منعقد ہونے والی’’کل جماعتی کشمیر کانفرنس‘‘ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے انسانیت سوز مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور عالمی اداروں ، خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے فوری طور پر اپنا فیصلہ کن کردار اد اکرے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان تھے جبکہ آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ، سابق سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین اور برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر گروپ کے چیئرمین ایم پی کرس لیز اور لارڈ نذیر احمدنے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

کشمیر کانفرنس کی صدارت جموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چئئرمین راجہ نجابت حسین نے کی۔

کانفرنس میں آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ زیر بحث لائی گئی اور برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے چیئر مین و ارکان کو وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تحریک حق خود ارادیت کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی دیں ۔ وزیر اعظم آزا د کشمیر نے آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کی نو منتخب چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراہم کو خصوصی شیلڈ اور ان کے انتخاب پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم برطانو ی ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ایک جامع رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم اور انسانی حقوق کے اداروں کو کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت پر دبائو بڑھانا ہو گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں جسے اقوام عالم نے بھی تسلیم کر رکھا ہے لیکن بھارت اس کی پاداش میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ،کالے قوانین کے تحت حرت قیادت کو جیلوں میں قیدکرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنارہا ہے لہذا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کردار ادا کرے ۔

چوہدری محمد یاسین نے اپنی تقریر میں کہا کہ کشمیر ی بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کرتے ہوئے اپنی تحریک آزادی کو جاری وساری رکھے ہوئے ہیں جبکہ بھارت اپنا ہر حربہ آزما چکا ہے لیکن وہ کشمیریوں کا جذبہ حریت ختم نہیں کر سکا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ کی رپورٹ اقوام عالم اور عالمی اداروں کے لیے چشم کشا ہے ۔کانفرنس سے چیئرمین آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ ایم پی کرس لیزلی نے خطاب کرتے ہوئے رپورٹ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ انہیں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور اس پر عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے ، راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت اب برطانوی پارلیمنٹ کی رپورٹ بھی منظر عام پر آ گئی ہے لہذا اب عالمی اداروں اور اقوام عالم کو بھارت کے خلاف مزید کس ثبوت کی ضرورت ہے ۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم تحریک آزادی کشمیر کو سفارتی سطح پر نئی حکمت عملی اور جدید تقاضوں کے مطابق تیز تر کریں۔

اس موقع پر برطانوی ممبران پارلیمنٹ و شیڈو وزراء ایم پی ناز شاہ ، ایم پی افضل خان، کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر کے چئیرمین ایم پی جیک برئیرٹن ، ایم پی ڈیبی ابراہم ، ایم پی لائن سمتھ، لارڈ قربان حسین ،لارڈ نذیر احمد ،ایم پی فیصل رشید ، ایم پی میکون زئی نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں چیئرپرسن تحریک حق خود ارادیت برطانیہ کونسلر یاسمین ڈار ،ڈاکٹر سید نذیر گیلانی ، کنزرویٹو پارٹی کے رہنماء و تحریک حق خود ارادیت کے ڈائریکٹر پروگرامز ہیری بوٹا ، سیکرٹری جنرل تحریک حق خود ارادیت محمد اعظم ، تحریک لندن کی چیئرپرسن شاہدہ جرال ،مسلم لیگ ن کی رہنماء بلقیس صابر راجہ ، طارق بٹ ، ڈاکٹر صبور جاوید، عبد الوہاب قادری ، چوہدر ی بشیر رٹوی ، چوہدری جاوید اقبال ، کونسلر افضل اکرم ، اشرف چغتائی سمیت برطانیہ بھر سے بڑ ی تعداد میں اہم شخصیات نے شرکت کی ۔