وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس کی دختران ملت کی سربراہ محترمہ آسیہ اندرابی و دیگرکشمیری خواتین پر نہاد مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کی شدید مذمت

جمعرات 15 نومبر 2018 18:54

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے بھارتی حکام کی جانب سے دختران ملت کی سربراہ محترمہ آسیہ اندرابی سمیت تین کشمیری خواتین کو نام نہاد مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی حکام نے آسیہ اندرابی جیسی جری اور نڈر خاتون کو ڈرانے دھمکانے کی بہت کوشش کی مگر وہ اس میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی انتہائی جرات سے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کا علم بلند رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے آسیہ اندرابی کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کا جذبہ حریت کم نہیں کر سکی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیری خواتین کے خلاف بھارت کی معاندانہ پالیسیوں کا نوٹس لے اور ان کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو اس طرح کی کارروائیاں فوری طور پر ختم کرنے کے لیے مجبور کیا جائے۔