Live Updates

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات

وزیردفاع پرویزخٹک وزیراعظم عمران خان کاخصوصی پیغام لے کر آئے تھے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 15 نومبر 2018 18:41

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات
(لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 نومبر 2018ء) :وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی پیغام لے کر چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے پاس پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق آج اپوزیشن کی جانب سے فواد چوہدری کے معافی مانگنے تک ایوان کا واک آؤٹ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی جس پر چیئر مین سینٹ نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سینیٹ کے رواں سیشن میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

اس پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نےکہا کہ سیاستدان ہی ملک چلاتے ہیں اوربرباد بھی کرتے ہیں۔ ہم نے10سال دیکھا ہے کہ کس طرح ملک چلایا گیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ہمیں غریبوں کے پیسوں کی بات کرنے پر معافی کا کہا جاتا ہے۔ لیکن مشاہداللہ خان نے میرے اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی۔

(جاری ہے)

اس پر بھی تومعافی مانگنی بنتی ہے۔ میرے بارے میں چیئرمین سینیٹ کی رولنگ پر کوئی مطمئن نہیں تھا۔ پوری کابینہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مجھے لاکھوں لوگوں نے منتخب کرکے بھیجا ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ عوامی نمائندے نہیں ہیں۔ وہ براہ راست منتخب نہیں ہوئے ہیں۔ اگرچیئرمین سینیٹ توازن پیدا نہیں کرسکتے تو پھر حکومت کوبھی سوچنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ معاملے کی جانچ پڑتال کی جائے ورنہ ایسے معاملات نہیں چل سکیں گے۔

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی ۔وزیردفاع پرویزخٹک وزیراعظم عمران خان کاخصوصی پیغام لے کر آئے تھے۔ملاقات میں ایوان بالا کی کاروائی کو افہام تفہیم سے چلانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ کو وزیر دفاع نے وزیراعظم کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔چئیر مین سینیٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےبروقت کاروائی کرتےہوئےپرویزخٹک کوبھیج کرایوان کاوقاربلندکیا،۔پارلیمان کی بالادستی اورجمہوری رویوں کا فروغ ہم سب کا بنیادی فرض ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات