کسی رکن کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روکا نہیں گیا‘فیاض الحسن چوہان

سپیکر اسمبلی کے علاوہ کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روک سکے‘صوبائی وزیر کی گفتگو

جمعرات 15 نومبر 2018 20:14

کسی رکن کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روکا نہیں گیا‘فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے کسی رکن صوبائی اسمبلی کو اسمبلی میں داخل ہونے سے نہیں روکا گیا۔ سپیکر اسمبلی کے علاوہ کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روک سکے۔ ملازمین آئینی اور قانونی طور پر اس بات کے ہرگز مجاز نہیں ہیں کہ وہ کسی رکن اسمبلی کو اندر داخل ہونے سے روک دیں جب تک کے سپیکر کا حکم نہ ہو۔

(جاری ہے)

جن افراد کو روکا گیا تھا وہ اسمبلی اراکین نہیں تھے بلکہ ن لیگ کے ایم پی اے کے ذاتی سٹاف کا حصہ تھے۔ان خیالات کا اظہار فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت کا ماننا ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ وہ سچ لگنے لگے۔ ن لیگ کے ایم پی اے چھ مہمانوں کا نام لسٹ میں شامل کروا کر بارہ لوگوں کو اندر لے جانا چاہتے تھے۔ چھ کو جانے دیا گیا باقی چھ کو روک لیا گیا۔ یہ بات سب جانتے ہیں کہ الیکشن ڈے میں ممبر اسمبلی کے علاوہ کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ آل شریف اور ان کی جماعت چانکیہ اور میکالی کی سیاست پر عمل پیرا ہیں جس میں ہر بات کی بنیاد جھوٹ اور بہتان تراشی منشور ہے۔