ڈی جی رینجرز سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس

چپ تعزیہ کے جلوسوں، 12 ربیع الاول اوردفاعی نمائش IDEAS-2018 کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیاگیا

جمعرات 15 نومبر 2018 20:19

ڈی جی رینجرز سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) پاکستان رینجرز(سندھ)میں ایک اعلی سطح کا سیکیورٹی اجلاس ڈی جی رینجرز(سندھ) میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی/ اسپیشل برانچ، پولیس ، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال بالخصوص چپ تعزیہ کے جلوسوں، 12 ربیع الاول اوردفاعی نمائش IDEAS-2018 کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیاگیاتاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگردی سے مثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چپ تعزیہ کے جلوسوں، 12 ربیع الاول کے موقع پر منعقد کی جانے والی محافل اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس مقامات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پربھی زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ رواں ماہ منعقد ہونے والی دفاعی نمائشIDEAS-2018 جس میں اندرونِ اور بیرون ملک سے کثیر تعداد میں مندوبین کی آمد متوقع ہے کے لیے جامع سیکیورٹی انتظامات سے متعلق حکمتِ عملی پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی کہ صوبے بھر میں امن ا مان قائم رکھنے کے لیے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلا ق کی پاسداری کریں اور دہشت گردی کی روک تھا م کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں اور مشکوک سرگرمی میں ملوث عناصر کی اطلاع فور ی طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔