سندھ اسمبلی میں سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کی قرارداد منظور

جمعرات 15 نومبر 2018 20:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) سندھ اسمبلی میں سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کی قرارداد منظور کرلی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرے اور مارٹن کوارٹرز ،کلیٹن کوارٹرز ، جہانگیر روڈ اور پاکستان کوارٹرز کے لاکھوں مکینوں کو مالکانہ حقوق فراہم کرے۔جمعرات کوسندھ اسمبلیکے اجلاس میں مارٹن کوارٹرز ،کلیٹن کوارٹرز ، جہانگیر روڈ اور پاکستان کوارٹرز کے لاکھوں مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کی قرارداد پیش کی گئی ، قراردادایم کیوایم کے خواجہ اظہار الحسن نے پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیاہے کہ مارٹن اورپاکستان کوارٹرزکے رہائشیوں پرتشددکی مذمت کرتے ہیں ، ان تمام رہائشی افراد کو قیام پاکستان کے بعد ان کی خدمات کے صلے میں پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے فراہم کئے تھے، اس لئے فوری طور پر ان رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرے اور مارٹن کوارٹرز ،کلیٹن کوارٹرز ، جہانگیر روڈ اور پاکستان کوارٹرز کے لاکھوں مکینوں کو مالکانہ حقوق فراہم کرے اور اس کی رپورٹ سپریم کورٹ کو بھیجے۔جس کے بعد پاکستان ،مارٹن، کلیٹن کوارٹرز کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔