کراچی، عدالت نے ہیوی ٹریفک اور ٹریفک جام کا مستقل حل نکالنے کا حکم دے دیا

جمعرات 15 نومبر 2018 20:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) سندھ ہائیکورٹ میں شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی کا معاملہ،عدالت نے ہیوی ٹریفک اور ٹریفک جام کا مستقل حل نکالنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جہاں میئر کراچی وسیم اختر ، سیکر یٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک پیش ہوئے،عدالت نے ہیوی ٹریفک اور ٹریفک جام کا مستقل حل نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ دیگر فریقین کے ساتھ مشاورت سے ایک ماہ میں جامع پلان پیش کریں،تمام فریقین کا دس دن میں مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے، میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہر بلڈنگ میں ٹرانسپورٹ کا دفتر کھول کر شہر کو جنگل بنادیا گیا ہے،ہیوی ٹریفک پر پابندی ہونی چاہیے، شہر سے باہر بسوں کا ٹرمینل بنانا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے،عدالت نے شہر سے باہر بسوں کا ٹرمینل بنانے کیلئے اقدامات کا حکم دیتے ہوئے سماعت چودہ دسمبر تک ملتوی کردی ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ دن کے اوقات میں شہر میں داخل ہونے پر ہیوی ٹریفک کے خلاف کارروائی ہوتی ہے، محکمہ ٹرانسپورت کے فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ شہر سے باہر دو ٹرمینلز بن چکے ہیں مزید دو ٹرمینلز کی ضرورت ہے ،کراچی پورٹ سے بھاری ٹریفک کی ترسیل رکنے سے قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوتا ہے،کنٹینروں کی آمدورفت رکنے سے ملکی معیشت بھی متاثر ہوسکتی ہے،درخواست گزار کا کہنا تھا کہ حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ سالانہ 230 شہری ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں,یہ تعداد دہشت گردی سے مرنے والوں سے بھی زیادہ ہے۔