کراچی، ایمپریس مارکیٹ کے اطراف سے بھاری مشینری کے ذریعے نوے فیصد ملبہ اٹھالیا گیا ہے، ڈاکٹر سید سیف الرحمن

سپریم کورٹ کے احکامات پر صدر کے مختلف علاقوں اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کو صاف کرنے کے گیارہویں روز ایمپریس مارکیٹ کے اندر قائم غیر قانونی 27 دکانوں کو بھی توڑ دیا گیا ، انسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر

جمعرات 15 نومبر 2018 20:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2018ء) سپریم کورٹ کے احکامات پر صدر کے مختلف علاقوں اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کو صاف کرنے کے گیارہویں دن جمعرات کو ایمپریس مارکیٹ کے اندر قائم غیر قانونی 27 دکانوں کو بھی توڑ دیا گیا جبکہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف سے بھاری مشینری کے ذریعے نوے فیصد ملبہ اٹھالیا گیا ہے بقیہ ملبہ بھی رات گئے تک اٹھا لیا جائے گا جبکہ عمارت کے سامنے والے حصے کی سینڈ بلاسٹنگ بھی شروع کردی گئی ہے ، عمارت کو محفوظ بنانے اور اس کی تزئین و آرائش کے بعد ایمپریس مارکیٹ کے چاروں دروازوں کے اطراف خوبصورت باغ بنائے جائیں گے اور ایمپریس مارکیٹ کے اندر ایک شاندار آرٹ گیلری کا قیام عمل میں لایا جائے گا، انسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بتایا کہ صدر اور ایمپرمارکیٹ سے ملحقہ علاقوںسے تجاوزات صاف کرنا مشکل کام تھا مگر ناممکن نہیں، سپریم کورٹ کی ہدایت پر یہ کام با آسانی انجام پا رہا ہے کیونکہ تجاوزات کے خلاف ہونے والی کارروائی کو مکمل طور پر انجام تک پہنچانے کے لئے تمام شہری ادارے ایک پیج پر ہیں اور بلاتفریق تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھی گئی ہے یہی وجہ ہے کہ مربوط حکمت عملی اور باہمی رابطے کے باعث مہینوں کاکام دنوں میں ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کئی لاکھ ٹن ملبے کو صرف چار دن میں صاف کردیا گیا ہے جوکہ یقینا قابل تحسین ہے اور اب ایمپریس مارکیٹ کے چاروں کونے آنے جانے والے راہگیروں کو نمایاں طور پر نظر آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے اندر اور باہر تجاوزات قائم کرنے والے افراد نے ایمپریس مارکیٹ کی عمارت کو کافی نقصان پہنچایا ہے عمارت کے نچلے حصوں پر کئی سوراخ کئے گئے ہیں جبکہ عمارت کی کھڑکیوں پر لگی گرل اور دروازے بھی انتہائی بوسیدہ اور مخدوش حالت میں ہیں جنہیں درست کرنے کے لئے کچھ وقت درکار ہوگا، انہوں نے کہا کہ ملبہ ہٹانے کے بعد ایمپریس مارکیٹ کے چاروں کونوں پر خوبصورت باغ کی تعمیر کاکام جلد ہی شروع کیا جائے گا جس کے لئے زمین کو ہموار بنایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ پارکوں کے قیام کے بعد نہ صرف یہ کہ ایمپر یس مارکیٹ کی عمارت کی پرانی شکل نظر آئے گی بلکہ اطراف میں رہنے والوں اور یہاں سے گزرنے والوں کو بھی ایک عمدہ ماحول میسر آئے گا، انہوں نے کہا کہ عمارت پر نصب گھڑی کی درستگی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ، سب سے پہلے مذکورہ گھڑی بنانے والی برطانوی کمپنی سے رابطہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ کمپنی اب بند ہوچکی ہے لہٰذا اب ملک بھر کے گھڑی ساز اداروں سے رابطے جاری ہیں، اس طرح کی گھڑیاں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مختلف تاریخی اور قدیم عمارتوں میں بطور ٹاور کلاک نصب ہیں جن میں کے ایم سی بلڈنگ، میری ویدر ٹاور، لی مارکیٹ بلڈنگ، سولجر بازار اور رتن تلائو کی عمارتیں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات کارروائی میں فٹ پاتھوں کو راہگیروں کے لئے مکمل طور پر کشادہ اور صاف کیا جا رہا ہے لہٰذا وہ دکاندار اور کاروباری حضرات جنہوں نے ابھی بھی اپنی دکانوں کے باہر تجاوزات قائم کرکے فٹ پاتھوں کو بند کر رکھا ہے وہ فوری طور پر فٹ پاتھوں پر رکھے ہوئے سامان کو بھی ہٹالیں تاکہ کارروائی کے دوران وہ کسی بھی طرح کے نقصان سے محفوظ رہ سکیں، انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ، رینجرز، پولیس، ڈی ایم سی جنوبی اور شرقی، کنٹونمنٹ بورڈ،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے متعلقہ ذمہ داران حصے لے رہے ہیں اور سب اداروں میں مربوط رابطے کے باعث تجاوزات کے خلاف کارروائی تاحال کامیابی سے جاری ہے۔

#