افغان حکام نے ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا

شہید طاہر داوڑ کی نماز جنازہ اور تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی ،ْصوبائی وزیر شوکت یوسفزئی

جمعرات 15 نومبر 2018 21:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) افغان حکام نے ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے آفسر طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کیلئے افغانستان کے شہر جلال آباد سے طورخم بارڈر لایا گیا جہاں جسد خاکی وصول کرنے کے لیے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور صوبائی ترجمان اجمل وزیر موجود تھے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق ابتدائی طور پر افغان حکام نے ایس پی طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کو دینے سے انکار کردیا تھا تاہم حکومتی وفد کی جانب سے افغان حکام سے مذاکرات کے بعد طاہر خان کی میت طورخم بارڈر پر پاکستان کے حوالے کی گئی جس کے بعد پولیس ٹیم میت کو لے کر لنڈی کوتل روانہ کی گئی دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شہید طاہر داوڑ کی نماز جنازہ اور تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔