ڈاکٹرز مریضوں کی خدمت کو اپنا شعاربنائیں‘وزیر صحت پنجاب

مریض کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کیا جائے تو اس کی آدھی پریشانی اسی وقت حل ہوجاتی ہیصوبائی وزیر کی گفتگو

جمعرات 15 نومبر 2018 21:39

ڈاکٹرز مریضوں کی خدمت کو اپنا شعاربنائیں‘وزیر صحت پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ ڈاکٹرز مریضوں کی خدمت کو اپنا شعاربنائیں، ان کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔ جمعرات کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو، ضلع اٹک کے اچانک دورے کے موقع پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مریض کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کیا جائے تو اس کی آدھی پریشانی اسی وقت حل ہوجاتی ہے۔

انہوں نے ہسپتالوں میں حالیہ ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں اور ڈاکٹروں دونوں کو طبی مراکز میں بدنظمی سے پرہیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور سٹاف کے تحفظ کے لئے سکیورٹی بل جلد تیار کر لیا جائے گا جس کے مسودے پر ابتدائی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ حضرو ہسپتال کے دورے میں وزیر صحت نے سٹاف کی حاضری چیک کی اور تمام شعبوںبالخصوص لیبر روم کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی ایمرجنسی میں آنے والے ڈیلیوری کیس کو ہرگز کہیں اور ریفر نہ کیا جائے۔ انہوں نے وارڈز کے دورے میں مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں پوچھااور بعض شکایات پر فوری طور پر ازالے کی ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہسپتال میں ادویات کا سٹاک رجسٹر بھی منگوا کر چیک کیااور کہا کہ ضروری ادویات کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہونا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری کی طرف سے اضلاع میں پروکیورمنٹ افسروں کو تقرر کردیا گیا ہے۔ سی ای اوز ہیلتھ ان کے ساتھ مل کر ادویات کی خریداری کا عمل جلد مکمل کریں۔ انہوں نے حضرو ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی کہ تحصیل ہسپتال حضرو میں جاری ترقیاتی کام وقت پر مکمل کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :